10 جون ، 2012
اسلام آباد… حکومت کی طرف سے سیلز ٹیکس کے ذریعے سی این جی مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، گزشتہ ایک سال میں سی این جی کی قیمت میں 42فیصد سے زیادہ کا اضافہ کیا گیا ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ایک سال میں سی این جی کی فی کلو قیمت میں 24روپے 40پیسے اضافہ ہوا ، گزشتہ سال جون میں سی این جی کی فی کلو قیمت جو ملک بھر میں اوسطاًستاون روپے چوہتر پیسے تھی ، اب بڑھ کر رواں سال جون میں 82روپیسے تجاوز کر چکی ہے اس میں ریجن ون(خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور پوٹھوہار) میں یہ قیمت 86روپے پچھتر پیسے فی کلو جبکہ پوٹھوہار کے سوا ریجن ٹو(پنجا ب اور سندھ) میں سی این جی کی یہ قیمت 79روپے بیس پیسے فی کلو ہے۔حکومت کی طرف سے نئے مالی سال سے سی این جی پر مجوزہ ٹیکس کے بعد قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے جس کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ سی این جی ایسوسی ایشن یہ ٹیکس عائد ہونے دیتی ہے یا نہیں ، وزارت پٹرولیم کی طرف سے سی این جی پر ریجن ون میں 159روپے جبکہ ریجن ٹو میں 121روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سیس ٹیکس بڑھانے کی تجویز ہے۔