15 جون ، 2016
اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر فائرنگ کرنے والا عمر متین کی سابق اہلیہ ستارہ یوسفی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمر متین خود بھی ہم جنس پرست تھا، دوسری جانب ایف بی آئی نے کہا ہے کہ عمر متین کو کسی شدت پسند تنظیم کی جانب سے پیسے یا ہدایا ت ملنے کے شواہد نہیں ملے ۔
برطانوی اخبار کے مطابق اورلینڈو میں نائٹ کلب پر فائرنگ کرنے والے عمر متین کی سابق اہلیہ ستارہ یوسفی نے انکشاف کیا ہے کہ عمر متین خود بھی ہم جنس پرست تھا جبکہ کلب میں جانے والے دیگر افراد کا کہنا ہے کہ عمر متین شراب بھی پیا کرتا تھا ، کلب جانے والے ایک شخص نے بتایا کہ عمر متین ہم جنس پرستوں کی موبائل ایپ بھی استعمال کرتا تھا۔
عمر متین کے ایک دوست نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی اخبار کو بتایا کہ وہ عمر متین کے ساتھ ہم جنس پرستوں کے کلب جایا کرتا تھا ، دوسری جانب عمر متین کے والد نے ہم جنسی پرستی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کی تردیدمیں کہا کہ انہیں اس بات پر یقین نہیں ہے ۔
ادھر ایف بی آئی کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کوئی شواہد نہیں ملے کہ عمر متین کو بیرون ملک کسی شدت پسند تنظیم کی جانب سے ہدایات یا معاونت حاصل ہوئی بلکہ لگتا ہے کہ عمر متین از خود انتہاپسند رجحانات کی جانب مائل ہوا۔