کھیل
20 جون ، 2016

دورہ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کوسینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ موخر

دورہ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کوسینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ موخر

 


پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے دوران سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے ۔ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں ۔


کھلاڑیوں نے انگلینڈ روانگی سے قبل ٹور کنٹریکٹ پر تو دستخط کر دیئے جبکہ پی سی بی کا ارادہ تھا کہ انگلینڈ کے دورے کے دوران کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ پیش کر دیئے جائیں گے لیکن اب بورڈ نے ارادہ ترک کر دیا ہے ۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم اور پاکستان اے ٹیم میں شامل سبھی کھلاڑی ایکشن میں ہیں ۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کو ذمہ داریاں سنبھالے زیادہ عرصہ نہیں ہوا ۔


وہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ دینے سےپہلے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں، اس کے علاوہ چند کرکٹرز کا مستقبل غیر یقینی کی صورت حال سے دوچار ہے جن میں مصباح الحق اور شاہد آفریدی شامل ہیں ۔


اگر یہ کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے بعد کرکٹ سے منسلک نہیں رہتے تو انہیں سال بھر کا کنٹریکٹ دینے کی کوئی منطق نہیں ہوگی، ان وجوہات کی بنیاد پر اب کرکٹ بورڈ انگلینڈ کی سیریز کے بعد کنٹریکٹ دینے کا ارادہ رکھتا ہے ۔

مزید خبریں :