23 جون ، 2016
فن قوالی کا ایک اور باب بند ہو گیا، پیار،محبت اور امن کا پیامبر سفرآخرت پر روانہ ہوگیا، اپنے چاہنےوالوں کو روتا چھوڑ گیا، کراچی میں معروف قوال امجد صابری کو پاپوش نگر کے قبرستان میں والد کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
شہر کراچی کے بڑے جنازے میں ہزاروں سوگواروں نے شرکت کی، جنازے میں امجد صابری کےچاہنے والوں کا سمندر امڈ آیا،تدفین کے موقع پرہر آنکھ اشک بار تھی، ہر دل غم سے نڈھال اور ہر لب پر دعائے مغفرت تھی۔
گزشتہ روز لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے والے امجد صابری کی نماز جنازہ ان کے گھر کے قریب لیاقت آباد میں مرکزی شاہراہ پر ارم بیکری کے سامنے ادا کی گئی،نماز جنازہ درگاہ پاک پتن شریف کے گدی نشین مولانااحمددیوان مسعود کی امامت میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں ہر مکتب فکر اور شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، امجد صابری کے جنازے میں شریک ہر آنکھ نم تھی، ہر شخص ایک دوسرے کو تسلی دیتا رہا، پرستاروں، دوستوں، احباب، محلے داروں نے آخری دیدار کے لیے ایمبولینس کو گھیرے رکھا۔
امجد صابری کی تدفین ان کے پیر حیرت شاہ وارثی ؒکے مزار کے احاطے میں والد کے پہلو میں کی گئی،ان کا سوئم کل بعد نماز جمعہ مسجد فرقانیہ لیاقت آباد میں ہوگا۔