پاکستان
01 جولائی ، 2016

کراچی والوں سے روٹھنے والے بادل لاہوریوں پر برس پڑے

کراچی والوں سے روٹھنے والے بادل لاہوریوں پر برس پڑے

 


کراچی والوں سے بادل روٹھ کر لاہوریوں پر مہربان ہوگئے، پہلےکالے بادلوں نے آگ برساتے سورج کو چھپادیا،پھر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش اور تیز ہوا نے گرمی کو دور بھگایا،موسم سہانا ہوگیا، اب کراچی میں گرمی نے ایک بار پھر انٹری دی ہے،پارہ 39ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا، گرمی نے شہریوں کو نڈھال کردیا۔


کراچی والوں سے بادل روٹھ کر لاہوریوں پر مہربان ہوگیا،مون سون نے لاہور میں اپنے رنگ بکھیر دیے، کہیں دھوپ، کہیں بادل، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، بعض مقامات پر آندھی، ایک ہفتے سے جاری گرمی اور حبس قدرے تھم گیا ۔


بادل، آندھی، بارش اور دھوپ، بس عجیب سا لاہور کا موسم ہے، یہ نشانیاں ہیں موسم برسات کی،کہتے ہیں برسات میں موسم ایک جیسا نہیں رہتا، کچھ ایسا ہی مذاق کیا موسم نے لاہورمیں،ہوائیں چلیں تو حبس اور گرمی کا زور ٹوٹا، شہریوں نے سکھ کا سانس لیا،مینہ برساتو جان میں جان آئی۔


موسم نے کروٹ بدلی، تیزہواؤں نے بادشاہی مسجد میں نماز یوں کو دھوپ سے بچانے کیلئے لگائے گئے ٹینٹ اکھاڑ دیئے، لاہور کے جن علاقوں میں دھوپ نے ڈیرے ڈال رکھے تھے وہاں پر ہلکی ہوائیں چلیں تو شہری پارکوں میں واک کرنے لگے، اُنہیں یقین تھا کہ عید تک موسم مزید اچھا ہوجائےگا ۔


محکمہ موسمیات نے بھی خوشخبری دی ہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران تیزہواؤں کےساتھ بارش کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت کم ہو جائےگی۔

مزید خبریں :