11 جولائی ، 2016
یورو کپ کا فائنل پرتگال نے فرانس کو 0-1سے ہرا کر جیت لیا۔پرتگال اور فرانس کے درمیان سنسنی خیز فائنل پیرس کےاسٹیڈے دی فرانس میں کھیلا گیا۔
دونوں ٹیموں کےدرمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔فرانس اور پرتگال دونوں ہی نے ایک دوسرے کے گول پر کئی تابڑ توڑحملے کئے لیکن ہر بار ناکامی ہوئی۔
مقررہ وقت تک کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوئی تو آدھے گھنٹے کااضافی وقت دیاگیا ۔
اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی کوئی ٹیم گول نہیں کرسکی ہے۔ تاہم اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں پرتگال نے فرانس کے خلاف پہلا گول اسکور کیا، جو کہ فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔
اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں انیس نمبر کی شرٹ پہنے فرانس کے کھلاڑی سیگنا نے بال تھرو کی ، جسے پرتگال کے آٹھ نمبر کھلاڑی موائن ٹنہو نے روک کر نو نمبر ایڈر کو پاس دیا، اور ایڈر نے موقع ضائع کئے بغیر 25میٹر دور سے ہی ایسی کک ماری کہ فرانسیسی گول کیپر بال کو گول میں جانے سے نہ روک سکا ۔ایڈرنےمیچ کاواحدگول109ویں منٹ میں کیا۔
اس طرح پرتگال کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی جومیچ ختم ہونے تک برقرار رہی ۔ایڈر رونالڈو کے زخمی ہونے کے بعد آئے تھے۔
ایڈر کی جانب سے کئے گئے اس گول کو پرتگال کی قومی فٹ بال کی تاریخ کا سب سے بڑا گول قراردیا جارہاہے ۔
واضح رہے کہ کھیل کے پہلے ہاف میں پرتگال کے سب سے اہم کھلاڑی اور امیدوں کے تارے زخمی ہوگئے تھے جو اسٹریچر پر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
میچ ختم ہونے کی سیٹی بجتے ہی پرتگالی خوشی سے بےحال ہوگئے ۔ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر پرتگالی ٹیم کے حامیوں نے جشن منایا جبکہ فرانس کے کھلاڑی روتے ہوئے بھی نظر آئے۔
پرتگال یورو کپ فٹ بال کا چیمپئن بن گیا ہے جبکہ ماہرین نے آج کے مقابلے میں فرانس کو فیورٹ قرار دیا تھا ۔تاہم پرعزم پرتگال کی ٹیم بھی آج تاریخ کو تبدیل کرنے کے لئے میدان میں اتری تھی۔