11 جولائی ، 2016
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصویر والے بینرز ایک بار پھر راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور کی مختلف شاہراہوں پر لگا دیئے گئے۔جن پر لکھا ہے ’’جانے کی باتیں ہوئیں پرانی،خدا کے لئے اب آجاؤ‘‘۔
اس سال جنوری میں ملک کے بڑے شہروں کی معروف شاہراہوں پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصویر والے بینرز لگائے گئے تھے، جن پر لکھا تھا کہ جانے کی باتیں جانے دو۔
یہ بینرز ایک غیر معروف سیاسی جماعت کی طرف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اس دو ٹوک بیان کے بعد لگائے گئے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے۔
بینرز لگانے والی موو آن نامی سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹر ہے اور یہ جماعت 15 جولائی سے ملک کے مختلف حصوں میں اس سے متعلق مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کر چکی ہے۔
اب ایک بار پھر آرمی چیف کی تصویر والے بینرز نئے انداز اور الفاظ کے ساتھ دوبارہ ملک کے مختلف شہروں کی معروف شاہراہوں پر لگا دئے گئے ہیں، جن پر لکھا ہے ’’جانے کی باتیں ہوئیں پرانی،خدا کے لئے اب آجاؤ‘‘۔
فیصل آباد، اور راولپنڈی اسلام آباد میں بینرز مختلف شاہراہوں پر اب بھی دیکھے جاسکتے ہیں، تاہم لاہور کے مال روڈ پر لگائے گئے بینرز پی ایچ اے نے اتار دیئے ہیں۔