11 جولائی ، 2016
متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں کارکنان کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر قومی اسمبلی میں پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ قربانیوں کا صلہ لاشوں کی صورت میں مل رہا ہے، ملک میں آئین و قانون کا نہیں، طاقت کا راج ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے مقتول کارکن ریاض الحق کی لاش تین روز قبل ملی، ایم کیوایم نے کراچی پریس کلب کے باہر ریاض الحق اور اپنے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
شرکاء سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہا کہ کراچی میں امن کی خواہش ہمارا گناہ بن گئی، شہر میں ناقص امن کی ذمے دار ریاست ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین نہیں بلکہ طاقت کا راج ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے بڑی تعداد میں مظاہرے میں شریک اسیر اور مقتول کارکنان کے اہل خانہ نے حکومت وقت سے انصاف کا مطالبہ کیا۔