17 جولائی ، 2016
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےکہا ہےکہ فوجیوں نے ترک حکومت گرانے کی کوشش کی تو عوام سڑکوں پر آگئی ،پاکستان میں فوج آئی تو مٹھائی بانٹی جائے گی۔
میرپوراسلام گڑھ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کےانتخابی جلسےسےخطاب میں عمران خان کاکہناتھاکہ ایسا صرف اس لئے ہوگا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت کی جا رہی ہے ،حکومت عوام کی خدمت کرے تو عوام اس کا ساتھ دیتے ہیں۔
نواز شریف بیرون ملک جائیں تو بیٹی شہزادی بن جاتی ہے، شہباز شریف باہر جائیں تو بیٹا بیٹھ جاتا ہے، انہوں نے جمہوریت کے نام پربادشاہت قائم کر رکھی ہے،نواز شریف کا بیٹا لندن کے جس فلیٹ میں رہتا ہے وہ پاکستانی650کروڑ روپے کا ہے،یہ پیسہ کہاں سے آیا؟جب نواز شریف سے قوم حساب مانگتی ہےتووہ اپنی دکھ بھری داستان بیان کرنا شروع کر دیتے ہیں لیکن درست جواب نہیں دیتے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں مصرکاحسنی مبارک،لیبیاکا قذافی اورعراق کا صدام حسین بھی جواب نہیں دیتا تھا،ان کا انجام دنیا کے سامنے ہے۔
جمہوریت کوفوج سےنہیں نوازشریف کی ڈکٹیٹرشپ سےخطرہ ہے، فوجیوں نے ترک حکومت گرانے کی کوشش کی تو عوام سڑکوں پر آگئی،لیکن ہمارے قوم جو حکمرانوں کی بادشاہت سے پہلے ہی تنگ ہے وہ کیوں کر حکومت کو بچانے آئے گی۔