01 اگست ، 2016
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ملک صحیح سمت میں گامزن ہے ، پاکستان ہر مذہب اور رنگ ونسل کے لیے محفوظ بنایا جائیگا،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں اور پوری قوم کے عزم سے انتہاپسندنظریات کو شکست ہورہی ہے ۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اندرونی سلامتی اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ، سیکیورٹی اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرداخلہ چودھری نثار ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ، ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان ، مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ بھی شریک ہوئے ۔
اجلاس میں ملک میں جاری دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا،وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کا سیکیورٹی اور قیام امن کے لیے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہدہشت گرد اور انتہاپسند عناصر پسپاہورہے ہیں،دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف آپریشن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے ہی کامیاب ہورہاہے ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ انتہاپسندنظریات عالمی خطرہ ہیں ،پاکستان نے ان نظریات کو اکھاڑ پھینکنے کی کوششیں کئی سال قبل شروع کیں،پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ہوا ہے،آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے ملک کی امن وامان کی صورتحال بہترہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت انٹیلی جینس شئیرنگ میکنزم کو مضبوط بنانے کے لیے معاونت جاری رکھے گی ،پاکستان ہر مذہب اور رنگ ونسل کے لیے محفوظ بنایا جائیگا، ملک صحیح سمت میں گامزن ہے ،عوام کو مستحکم ،خوشحال اور پرامن وطن دینگے۔