21 اگست ، 2016
کانگو وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں کے ایم سی کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری کردی گئی ہیں ۔
بلدیہ عظمی کراچی کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈپارٹمنٹ نےانسداد گانکو کی ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی کے مطابق قربانی کے جانوروں کو ٹول پلازہ یا مویشی منڈی میں لانے سے پہلے ان کا مکمل طبی معائنہ کرانا ضروری ہے۔
مویشی منڈی میں اور گھروں میں جراثیم کش اسپرے کرایا جائے، مویشیوں کے فضلے اور بیمار جانوروں کو فوری طور پر الگ کیا جائے۔
طبی ماہرین کے مطابق کانگو وائرس چیچڑ نامی کیڑے سے پھیلتاہے، یہ کیڑا مویشی کے جسم پر موجود ہوتا ہے، جو انسان کے خون میں شامل ہوکر جسم میں درد،بخار،متلی اور خون کے بہنے کا سبب بنتا ہے ۔
ماہرین طب کا کہنا ہے کہ عوام جانوروں کو ہاتھ لگاتے وقت دستانے ،ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں،جسم کومکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں اور خاص طور پر اسپتالوں میں کانگو مرض کا عملہ بھی خاص احتیاط کرے۔