16 جون ، 2012
برلن … پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے پارٹنر نیدر لینڈ کے یولین روزے گیری ویبرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے۔ مغربی جرمنی کے شہر ہالے میں جاری گیری ویبرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اعصام الحق اور روزے نے لوکس کیوبوٹ اور میخائل یوزنی کی جوڑی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ اعصام الحق اور یولین روزے کی جیت کا اسکور 6-2 اور 6-4 رہا۔ واضح رہے کہ اعصام الحق ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کررہے ہیں، انہوں نے گزشتہ برس بھارت کے روہن بوپننا کے ساتھ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا لیکن اس سال ان کی پارٹنر شپ نیدر لینڈز کے یولین روزے کے ساتھ ہے اور یہ پیئر ٹاپ سیڈ ہے۔