08 ستمبر ، 2016
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 136رنز کا ہدف دیا ہے۔انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135رنز بنائے۔
اس سے قبل مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گرائونڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس انگلش کپتان نے جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا۔ تاہم یہ فیصلہ کچھ زیادہ سودمند ثابت نہ ہوسکا اور ون ڈے سیریز کے برخلاف انگلش ٹیم ٹی ٹوئنٹی میچ میں بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
اسکی وجہ یہ بھی ہے کہ آج گرین شرٹس نے نہ صرف اچھی بولنگ کی بلکہ فیلڈنگ اور کیچز لینے میں بھی اچھی پرفارمنس دکھائی۔ انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیلز 37 رنز کے ساتھ سرفہرست اسکورر رہے۔
انکے علاوہ جیسن رائے 21، بٹلر 16،کپتان ایون مورگن 14،معین علی 13،ڈیوڈ ولی 12قابل ذکر بیٹسمین تھے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین، جبکہ عماد وسیم اور حسن علی نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔