19 جون ، 2012
لاہور…پنجاب میں شدید ہنگاموں کے بعدپنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی خاصا ہنگامہ خیز رہا، اپوزیشن ارکان کی شدید نعرے بازی کے جواب میں حکومتی ارکان بھی نعرے لگاتے رہے،اِس دوران ایوان مچھلی بازار بن گیا،وزیراعلیٰ پنجاب تقریر ختم کرکے واپس نکلے تو اپوزیشن ارکان نے بھاگ گئے،بھاگ گئے کے نعرے لگائے۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تقریر کے دوران مسلم لیگ ق کی خواتین ارکان نے شدید نعرے بازی کی، حکومتی ارکان بھی لوڈشیڈنگ بند کرو کے نعرے لگاتے رہے،اِس شور شرابے میں وزیراعلیٰ کو تقریر روکنا پڑی،اس دوران ایوان مچھلی منڈی بن گیااور کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی جبکہ اسپیکر ہاوٴس چلانے میں بے بس نظر آئے،وزیراعلیٰ کے دوبارہ تقریرکے دوران بھی نعرے بازی کایہ سلسلہ چلتا رہا،شہباز شریف تقریر ختم کرکے ایوان سے چلے گئے،جس پر اپوزیشن نے،بھاگ گئے،بھاگ گئے کے نعرے لگائے،جس کے جواب میں حکومتی ارکان ظالموں جواب دو،بجلی کا حساب دو،کے نعرے لگاتے رہے۔بعد میں اجلاس کل صبح10بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔