کھیل
30 جنوری ، 2012

ٹینس کے فروغ کیلئے زیادہ مقابلے کرانے ہونگے، اعصام

ٹینس کے فروغ کیلئے زیادہ مقابلے کرانے ہونگے، اعصام

کراچی… جب تک کھلاڑیوں کو ملک سے باہر ٹریننگ کیلئے نہیں بھیجا جائے گا، کھلاڑی عالمی سطح پر آگے نہیں آسکیں گے، کوشش ہے کہ اولمپک کیلئے کوالیفائی کروں، یو ایس ڈبلز کے فائنل اور راجر فیڈرر کو شکست دینے کے بعد دنیا بھر میں شناخت ہوئی ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ پریس کلب کے صدر طاہر حسن خان نے اعصام الحق کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اعصام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹینس کے معیار سے مطمئن ہوں، تاہم کھلاڑیوں کو مراعات ملیں گی اور زیادہ سے زیادہ مقابلے ہوں گے تو ملک میں کھیل ترقی کرے گا، اسپانسر کو بھی آگے آکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دس سال سے انٹرنیشنل سرکٹ میں کھیل رہا ہوں، روہن بوپننا کے ساتھ جوڑی کامیاب رہی، ہم دونوں کے درمیان بہت زیادہ انڈر اسٹینڈنگ تھی، امید ہے آئندہ سال روہن اور میں ایک ساتھ مل کر انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیں۔ فی الحال ساری توجہ اولمپک کی تیاری پر ہے، میری اور پاکستانی پارٹنر کی رینکنگ اچھی رہی تو ہم اولمپک کیلئے کوالیفائی کرجائیں گے۔ انٹرنیشنل سرکٹ میں نئے پارٹنر راجر جولین کے ساتھ سیٹ ہونے میں وقت لگے گا، اس کے ساتھ تین ٹورنامنٹس کھیلے ہیں اور پری کوارٹر فائنل تک پہنچا ہوں۔ امید ہے کہ لبنان میں ہونے والے ڈیوس کپ میں پاکستانی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور میں بھی پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔ اپنی کتاب کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ مکمل ہوگئی ہے جلد ہی اس کی تقریب رونمائی ہوگی۔ حالات کی وجہ سے غیرملکی کھلاڑی یہاں آنے سے کتراتے ہیں، میں نے ملک کا امیج بہتر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، روہن بوپننا اور ثانیہ مرزا سے بھی خصوصی درخواست کی ہے کہ وہ یہاں آکر کھیلیں اس سے ملک میں کھیل کو ترقی ملے گی۔

مزید خبریں :