کھیل
31 جنوری ، 2012

ٹینس رینکنگ، جوکووچ بدستور پہلے نمبرپر

ٹینس رینکنگ، جوکووچ بدستور پہلے نمبرپر

پیرس… انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں نوویک جوکووچ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا نے نہ صرف سال کا پہلا گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتا بلکہ عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔ انہوں نے دو درجے ترقی حاصل کی۔ آسٹریلین اوپن کی فائنلسٹ اور روس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ماریا شراپووا ایک درجہ ترقی پاکر تیسرے نمبر پر پہنچ گئیں۔ ڈنمارک کی سابق عالمی نمبر ایک کیرولین وزنائیکی تین درجے تنزلی کے بعد پہلے سے چوتھے نمبر پر چلی گئیں ہیں۔ امریکا کی سرینا ولیمز اور سربیا کی جیلینا جانکووچ بالترتیب 12ویں اور 13ویں نمبر پر برقرار رہیں۔ کم کلسٹر 16درجے تنزلی کے بعد 30ویں نمبر پر چلی گئیں ہیں۔ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن سنگلز مقابلوں میں پہلے راؤنڈ میں ہار کر باہر ہوگئی تھیں۔ اور وہ سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔ وہ آسٹریلین اوپن سے قبل 150ویں نمبر سے بھی نیچے تھیں۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی رینکنگ میں آسٹریلین اوپن کے فاتح سربیا کے نوویک جوکووچ اور فائنلسٹ ہسپانوی رافیل ندال بالترتیب پہلے اوردوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے نامور ٹینس اسٹار اور 16 گرینڈ سلام کے فاتح راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر قائم ہیں۔ برطانیہ کے اینڈی مرے چوتھے نمبر پر قائم ہیں۔ اسپین کے ڈیوفیرر پانچویں، فرانس کے جوویلفرائیڈ تسونگا چھٹے، جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈوچ ساتویں، امریکا کے میرڈی فیش آٹھویں، سربیا کے جانکوٹسپا روچ نویں اور ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو دسویں نمبر پر ہیں۔

مزید خبریں :