20 نومبر ، 2016
طارق معین صدیقی...کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 میں کئی نئے ممالک شرکت کریں گے، 34 ممالک کے 418 ادارے اپنی دفاعی مصنوعات کی نمائش کریں گے، روس اور ترکی کی زیادہ کمپنیاں شرکت کررہی ہیں، پاکستان دفاعی نمائش میں سائیڈ لائن کانفرنسوں میں ضرب عضب کے تجربات اور کامیابیوں سے بھی دنیا کو آگاہ کرے گا۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 میں 43 ممالک کے 90وفود شرکت کرینگے جبکہ 34 ممالک کی 418فرمز اپنی دفاعی مصنوعات کی نمائش کریں گی ۔ نمائش میں 261 غیر ملکی اور 157 پاکستانی ادارےدفاعی مصنوعات رکھیں گے۔ڈیپو کے ڈائریکٹر میڈیا کموڈور طاہر جاوید نے بتایا کہ اس مرتبہ نو نئے ممالک شامل کررہے ہیں ۔روس کی تین بڑی کمپنیزدفاعی نمائش میں شرکت کررہی ہیں۔
اس سال 14 دفاعی خریداری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ ڈیپو کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئروحید نے بتایا کہ اس نمائش کے ذریعے پاکستان اپنی دفاعی ٹیکنالوجی کے ساتھ یہ باور کرائے گا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ممالک نے ضرب عضب سے متعلق معلومات کی خواہش بھی ظاہر کی ہے، پاکستان اس نمائش میں ضرب عضب میں اپنے تجربات،کامیابیوں اورتر بیتی شعبے کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرے گا۔
آئیڈیاز 2016 میں پاکستانی ادارےاپنےتیار کردہ تین نئے ڈرونز ، ملٹری وہیکلزاور دیگر مصنوعات بھی متعارف کرائیں گے۔نمائش میں الخالد ٹینک، جے ایف تھنڈر، کے ایٹ ایئرکرافٹ ، فاسٹ اٹیک کرافٹ مزائل بوٹس بھی رکھی جارہی ہیں۔