صحت و سائنس
26 نومبر ، 2016

رواں سال صوبے میں ڈینگی کے 4 ہزار کیسز رپورٹ

رواں سال صوبے میں ڈینگی کے 4 ہزار کیسز رپورٹ

 

صوبائی محکمہ صحت کی عدم توجہ اور ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی غفلت کے باعث صوبے میں ڈینگی کےکیسز کو تاحال روکا نہیں جاسکا۔

ذرائع کے مطابق رواں سال اب تک صوبے میں ڈینگی کے 4ہزار سے زائد کیسزسامنے آچکے ہیں جبکہ ڈینگی سےدرجنوں ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں جو رپورٹ نہیں ہو ئیں ۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کی تشخیصی کٹس ناپید ہیں جبکہ میگا یونٹس کےلئے مریضوں کو نجی اسپتالوں سے رجوع کرنا پڑ رہا ہے ۔

لیکن صوبائی محکمہ صحت کی جانب عوامی آگہی کے سیمینارز منعقد کرائے گئے نہ ہی آگہی کے پمفلیٹ تقسیم کیے گئے جبکہ مچھر مار اسپرے مہم اور لاروا سائیڈل ایکٹیویٹی بھی نہیں کی گئی جس کے باعث مچھروں کی افزائش کو نہیں روکا جاسکا اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا گیا ۔

ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتےشہر میں ڈینگی کے43کیسز رپورٹ ہوئے ۔ مختلف اسپتالوں کی او پی ڈیز میں11ایسے مریضوں کو لایا گیا جو ڈینگی سے متاثر تھے جبکہ32 مریضوں کو ڈینگی کی شکایت پر مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک صوبے میں ڈینگی سے3ہلاکتیں ہوئی ہے اور2190کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے1773کیسز کراچی کے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو میگا یونٹس بھی دستیاب نہیں جو انہیں خریدنے پڑ رہے ہیں جبکہ ڈینگی کی تشخیصی کٹس نہ ہونے پر اسپتالوں کی جانب سے ڈینگی پروگرام سے کٹس بھی مانگی جاچکی ہیں ۔

 

مزید خبریں :