12 دسمبر ، 2016
بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ اسے شکست سے بچنے کیلئے49 رنز درکار ہیں اور اس کی صرف 4 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
قبل ازیں بھارتی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز 400 کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں631 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی اور انگلینڈ پر231 رنز کی برتری حاصل کر لی۔جواب میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز 182رنز پر6 وکٹیں گنوا بیٹھی۔
چوتھے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 451 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ویرات کوہلی 147 اور جیانت یادیو 30 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، دونوں کے درمیان آٹھویں وکٹ میں 241 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی، ویرات کوہلی نے تیسری ڈبل سنچری جبکہ جیانت یادیو نے پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی، جیانت یادیو 104 اور کوہلی 235 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
عادل راشد نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز میںپہلی وکٹ ایک رنرپر گر گئی جب کیٹن جیننگز بغیر کوئی رن بنائے بھونیشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 23کے مجموعی اسکور پر کپتان ایلسٹر کک 18 رنز بناکر روندرا جدیجا کا شکار بن گئے۔
معین علی بغیر کوئی رن بنائے کیچ ہوگئے۔ جو روٹ اور جونی بیئرسٹو نے92 رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور 141تک پہنچا دیا۔ جو روٹ 77 ،بین اسٹوکس 18 اور جیک بال 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔