کھیل
18 دسمبر ، 2016

اسد کی سنچری ،پاکستان کو جیت کیلئے108رنز درکار

اسد کی سنچری ،پاکستان کو جیت کیلئے108رنز درکار

 

 

اسد شفیق کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت برسبین ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 490رنز کے ہدف کے تعاقب میں8وکٹ کے نقصان پر382رنز بنالئے ہیں اور ابھی بھی جیت کیلئے مزید 108رنز درکار ہیں جبکہ میزبان ٹیم فتح سے صرف 2وکٹ دور ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے پہاڑ جیسے ہدف کے تلے دبتی نظر آرہی تھی کہ چھٹی وکٹ پر اسد شفیق اور محمد عامر نے 92رنز جوڑنے کے بعد ساتویں وکٹ پر وہاب ریاض اور اسد شفیق نے 56رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

چوتھے روز کھیل کے آخری اوور میں وہاب ریاض 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت وکٹ پر یاسر شاہ اور اسد شفیق موجود ہہیں اور پاکستان کو جیت کے لیے مزید108 رنز درکار ہیں۔جبکہ اس کی 2 وکٹیں باقی ہیں۔

محمد عامر صرف دو رنز کے فرق سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے، دن اختتام پر اسد شفیق 100 اور یاسر شاہ 4 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

گرین شرٹ نے آج 2وکٹ 70رنز پر اپنی دوسری اننگ کا دوبارہ شروع کی، اظہر علی اور یونس خان نےگرائونڈ کے چاروں طرف خوبصورت اسٹروک لگائے اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 91رنز جوڑے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 145پر گری ،جب سیٹ بیٹسمین اظہر علی اسٹارک کا شکار بن گئے،انہوں نے 9 چوکوں کی مدد سے71رنز بنائے۔ان کے بعد کپتان مصباح الحق بھی 5کے انفرادی اسکور پر براڈ کی گیند پر پویلین لوٹ گئےتو ٹیم کا اسکور 4وکٹ پر 165رنز تھا ۔

پاکستان کی 5ویں وکٹ 173رنز پر گری ،اس موقع پرسینئر اور سیٹ بیٹسمین یونس خان نے غیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیل کراپنی وکٹ گنوادی ،انہوں نے 7چوکوں کی مدد سے 65رنز بنائے ، تجربہ کار کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد سرفراز احمد اور اسد شفیق نے 47رنز بنائے ۔

وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد 24کے انفرادی اسکور پر اسٹارک کا تیسرا شکار بننے ،تو قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 220رنز ہوچکا تھا۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹارک نے3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لایون نے 2اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

 

مزید خبریں :