27 دسمبر ، 2016
سب سے بڑی جمہوریت اور آزادی اظہار کا پرچار کرنے والی مودی سرکار نے بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھارت میں عدم برداشت کے بیان کو بالکل برداشت نہیں کیا تھا، بی جے پی آئی ٹی سیل کی سابق ورکر نے انکشاف کیا ہے کہ حکومتی آئی ٹی سیل نے عامر خان کو بھارتی کمپنی کے برانڈ ایمبیسیڈر کے عہدے سے ہٹانے اور بدنام کرنے کی مہم چلائی تھی۔
بی جے پی آئی ٹی سیل کی سابق ورکر سادھوی کھوسلہ کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سیل کے سربراہ اروند گپتا نے اپنے ورکرز کو ہدایت کی تھی کہ عامر خان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جائے اور ای کامرس کمپنی سنیپ ڈیل پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ عامر خان کو برانڈ ایمبیسیڈر کے عہدے سے ہٹائے۔
اس مہم کے بعد اسنیپ ڈیل نے عامر خان سے اپنا کنٹریکٹ ری نیو نہیں کیا تھا،عامر خان نے نومبر 2015 میں ایک تقریب میں بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور عدم برداشت پر کڑی تنقید کی تھی۔