خصوصی رپورٹس
04 جنوری ، 2017

دارالحکومت میں برکھا رُت، آسمان سے گرتی بوندوں نے سماں باندھ دیا

دارالحکومت میں برکھا رُت، آسمان سے گرتی بوندوں نے سماں باندھ دیا

راشدہ شعیب...اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے، جسے قدرتی حسن کے تمام رنگوں میں رنگا شہر سمجھا جاتا ہے۔

مارگلہ کی بلند و بالا پہاڑیوں کے دامن میں بسے اس شہر میں حسن و رعنائی اپنے جلوے دکھاتی ہے تو شہر کے ترقیاتی ادارے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی اسے رنگوں سے سجانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی،شہر میں سفر کریں تو یوں لگتا ہے جیسے گرین بیلٹس کے ساتھ اہم چوراہوں پر لہراتے پھول مسکرا کر آپ کا استقبال کر رہے ہیں،جاڑے کی اس رت میں آج کل میری گولڈ کے پیلے پھولوں کی پھلواری سجی ہے۔

شہر اقتدار گزشتہ تین ماہ سے طویل خشک سالی کا شکار رہا،شہری پانی کی بوندوں کے لیے تر س کر رہ گئے،لبوں پر ابر کرم برسنے کی دعائیں، بارش کب ہوگی؟یہی ٹاک آف دا ٹاؤن تھی۔

اس خشک سالی نے شہر کے حسن کو گہنا رکھا تھا،بالآخر انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور ابر کرم برس پڑا،رواں سیزن کی پہلی بھرپور بارش نے شہریوں کے سارے گلے شکوے دور کردئیے،آسمان پر بادلوں کے ڈیرے تو منگل سے ہی تھے، علی الصبح ہلکی پھوہار ہوئی اور بس۔

دن چڑھتا گیا اور موسم صاف ہوتا گیالیکن بدھ کی صبح تو جیسے سورج یہ ٹھان کر ہی نکلا تھا کہ آج اپنے جلوے دکھائے گا،آسمان کا رنگ بدلا اور بدھ کی صبح وفاقی دارالحکومت کے باسیوں کے لیے بارش کی نوید لے کر آئی۔

فجر کےبعد سے آسمان پر تیرتے بادل آہستہ آہستہ نیچے اترتے چلے گئے،پہلے ہلکی پھوہار نے مٹی کی سوندھی خوشبو پھیلائی اوریک دم ہی یہ مہک ماحول میں رچ بس گئی،پھر باری آئی تیز بارش کی ، جس نے اپنا خوب رنگ جمایا۔

آسمان سے گرتی بوندوں نے سماں سا باندھ دیا اور پھر وقفے وقفے سے پانچ گھنٹوں تک کبھی تیز اور کبھی مدہم بارش نغمہ سرا رہی، بارش کے نظارے اور لانگ ڈرائیو کے مزے کرنا شہری خوب جانتے ہیں۔

بارش کے دوران شہر کے سیاحتی مقامات پریک دم رش بڑھ جاتاہے،موسموں کو چاہنے والے بارش کے موسم میں گھروں میں نہیں بیٹھتے، سیاحتی مقامات دامن کوہ، پیر سوہاوہ اور لیک ویو پارک بارش کے موسم میں سیاحوں اور اپنے شہریوں کو خوب محضوظ کرتے ہیں،گرم مشروبات اور پکوانوں سے تواضع ہوتی ہے اوریوں ہوتا ہے موسم کا لطف دوبال۔

یوں تو شہر اقتدار کے سبھی موسم من کو بھاتے ہیں لیکن جاڑے کی سنہری رت کے تو کیا ہی کہنے، خشک پتوں کی چاپ پر لانگ واک کریں یا گاڑی سے گزرتے ہوئے یہ نظارے دیکھ لیں، من نہیں بھرتا، ایسا لگتا ہے کہ قدرت کے سب ہی رنگ اس شہر کے لیے بنے ہیں،ایسے میں بارش اس حسن کو چار چاند لگادیتی ہے،سڑکیں، عمارتیں، پارک، درخت، پتے سب ہی دھل کر اجلاپن دیتے ہیں اور یہی اجلا پن آج کافی دنوں بعد دکھائی دیا۔

بارش سے ان خشک بیماریوں اور الرجیز کا بھی خاتمہ ہو جائے گا جس نے گزشتہ تین ماہ سے شہریوں کو اپنی گرفت میں جکڑ رکھا تھا، آبی ذخائر میں پانی کی مقدار بھی کچھ حد تک بڑھ جائے گی جو فصلوں کو سیراب کرے گا۔

رواں سال کی پہلی بارش کے رنگ ابھی پھیکے نہیں پڑنے والے کیونکہ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی نوید سنائی ہے۔

اسلام آباد سمیت بعض بالائی علاقوں میں میں ابر کرم وقفے وقفے سے اس ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گا،اسلام آباد کے باسی ویک اینڈ پر بھی بھیگی رت کا مزہ اٹھاتے رہیں گےاور اگر برف باری کے مزے اٹھانے ہوں تو ملکہ کوہسار مری تک کی مسافت بھی کچھ زیادہ دور نہیں۔

 

 

مزید خبریں :