13 جنوری ، 2017
کراچی پریس کلب میں ’جیو نیوز‘ کے شہید رپورٹر ولی خان بابرکی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر مختلف صحافیوں اور شہید ولی خان بابر کے بھائی مرتضیٰ خان بابر نے انہیں یاد کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
کراچی پریس کلب کے اراکین اور صحافیوں نے شہید ولی خان بابر کی چھٹی برسی کے موقع پر ہونے والی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔
سینئر صحافیوں نے ولی بابر کی صحافت میں خدمت کو سراہا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
شہید ولی بابر کے بھائی مرتضیٰ خان بابر کا کہنا تھا کہ صحافی برادری نے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ہمارا ساتھ دیا ہے، شہید ولی خان بابر کو 6 سال پہلے 13 جنوری کو ’جیونیوز‘ سے گھر جاتے ہوئے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا تھا۔
اب تک اس کیس میں شامل گواہوں اور پراسیکیوٹر سمیت 7 لوگوں کو قتل کیا جاچکا ہے، تاہم ولی بابر کے قاتل تاحال اپنے انجام کو نہیں پہنچ سکے ہیں۔