کھیل
13 جنوری ، 2017

مصباح الحق نے چیپل کو آئینہ دکھا دیا

مصباح الحق نے چیپل کو آئینہ دکھا دیا

 

پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ای ین چیپل کو آئینہ دکھا دیا، ٹیسٹ کپتان نے ایسا کرارا جواب دیا ہے کہ ای ین چیپل آئندہ پاکستان ٹیم سے متعلق کوئی بھی بیان دینے سے پہلے دس بار سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای ین چیپل آسٹریلیا کی جنوبی ایشیا میں کارکردگی دیکھ کر پاکستان پر کوئی تبصرہ کریں، سری لنکا، پاکستان اور بھارت کے خلاف آسٹریلیا سیریز میں ایک ٹیسٹ بھی نہیں جیت سکی۔

مصباح نے کہا کہ سری لنکا نے آسٹریلیا کوکلین سوئپ کیا ،یو اے ای میں پاکستان نے دونوں ٹیسٹ ہرائے، بھارت میں بھی آسٹریلوی ٹیم کو وائٹ واش کی ہزیمت اٹھانا پڑی، تو کیا اب آسٹریلوی ٹیم کو ایشین وکٹوں پر کھیلنے کی دعوت دینے سے پہلے سوچنا ہوگا َ؟کیونکہ آسٹریلین ایشین وکٹوں پر اچھا نہیں کھیلتے،ای ین چیپل کی تنقید سے افسوس ہوا، ایسے بیان کی توقع نہ تھی۔

آسٹریلیا سے وطن واپسی پر ایک انٹرویو میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کےکپتان مصباح الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیم نے اپنی غلطیوں کی وجہ سے آسٹریلیا میں سیریز جیتنے کا سنہری موقع ضائع کر دیا،کچھ لوگ عالمی نمبر ایک بننے کا غصہ اب نکال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کے کیریئر میں ایسا وقت آتا ہے جب تمام تر کوشش کے باوجود اس سے رنز نہیں ہو پاتے۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں مصباح نے کہا کہ ان کے پاس دو ماہ کا وقت ہے جس میں وہ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ بچار کے بعد فیصلہ کرسکیں گے،پاکستان سوپر لیگ کھیلوں گا اس کے بعد ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی فیصلہ کروں گا۔

مصباح الحق نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کے بارے میں کہا کہ جنہیں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی پر بہت دکھ پہنچا ہے ان کی تنقید قابلِ فہم ہے لیکن چند لوگ پاکستانی ٹیم کے عالمی نمبر ایک بننے کا غصہ اب نکال رہا ہے، انہیں اسٹریلیا سے ہار کا غصہ نہیں۔

مزید خبریں :