28 جون ، 2012
واشنگٹن ... امریکامیں پاکستان کی سفیرشیری رحمان نے کہا ہے کہ امریکا سلالہ حملے پرمعافی مانگ لے تونیٹوسپلائی کامعاملہ جلد حل ہوسکتاہے۔ شیری رحمان کی سینیٹرمیچل مک کونل سے ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات موجودہ کشیدگی پر فوری قابوپانے اورباہمی احترام کی بنیادپرتعلقات کوبہتربنانے کیلیے بھرپورطریقے سے کام کرنے پر اتفاق کیاہے امریکی سینیٹ میں اقلیتی لیڈر سینیٹر ایڈیسن میچل میک کونل اورسینیٹررینڈپال نے شیری رحمان سے گفت گومیں ڈاکٹرشکیل آفریدی کی سزاپر تشویش کااظہارکیا اورپاکستان پرزوردیا کہ نیٹوسپلائی بحال اورحقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جائے۔شیری رحمان نے کہا کہ شکیل آفریدی کوخیبرایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ نے کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکرطیبہ کے ساتھ کام کرنے اوراس کی مدد کرنے پر سزاسنائی ہے۔انھوں نے امریکی سینیٹرزکوبتایا کہ اپیل کا حق موجود ہے اوراطلاعات ہیں کہ شکیل آفریدی کے وکیل سزاکے خلاف اپیل کررہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں عدلیہ آزادہے اورحکومت اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ عدلیہ لے معاملے میں مداخلت کرے۔شیری رحمان نے کہا کہ ڈاکٹرشکیل کیس کودوراندیشی سے ہینڈل کرنا چاہیے۔ان کاکہنا تھا کہ اگرامریکاسلالہ حملے پرمعافی مانگ لے تو نیٹوسپلائی کامعاملے کو جلدحل کرنے میں کسی نتیجے پرپہنچنے میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں جوپاکستانی فورسزپرحملے کررہے ہیں ان حملوں میں اب تک18 پاکستانی فوجی شہید ہوچکے ہیں۔