17 جنوری ، 2017
اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج کے گھر مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن بچی طیبہ کی ڈی این اے رپورٹ سامنے آگئی،طیبہ کے والدین کی شناخت کا معمہ حل ہو گیا۔
ڈی این اے رپورٹ کے مطابق محمد اعظم اور نصرت بی بی طیبہ کے والدین ثابت ہوئے ہیں، جن کا تعلق جڑانوالہ کے نواحی گاؤں سے ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل فرانزک سائنس ایجنسی اسلام آباد نے تشدد کا شکار بچی طیبہ کی شناخت کے حوالے سے ڈی این اے رپورٹ تیار کر لی ہے جو جلد وفاقی پولیس کے حوالے کردی جائے گی۔
طیبہ نے 9جنوری کو میڈیکل بورڈ اجلاس میں والدین کو شناخت کر لیا تھا اور بورڈ اجلاس میں طیبہ نے 4 سالہ بھائی زین کو گود میں بھی اٹھائے رکھا، جبکہ مجموعی طور پر پانچ جوڑوں نے طیبہ کے والدین ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق طیبہ پر تشدد کی مکمل انکوائری رپورٹ کل سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی، رپورٹ ڈی آئی جی آپریشن کاشف عالم نے تحقیق کے بعد تیار کی ہے۔