پاکستان
17 جنوری ، 2017

اے پی ایس حملے کے بعد قوم اٹھ کھڑی ہوئی، راحیل شریف

اے پی ایس حملے کے بعد قوم اٹھ کھڑی ہوئی، راحیل شریف

 

جنرل (ر) راحیل شریف کا کہنا ہے کہ اے پی ایس حملے کے بعد پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی،پاکستان نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے تمام ممالک کو انٹیلی جینس شیئرنگ کرنا ہوگی ۔

ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر دہشت گردی کے خلاف ’ٹیرر ازم ان ڈیجیٹل ایج‘ کے موضوع پر مباحثے میں انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کو شکست دینے میں پیچیدہ سرحد جیسے مسائل ہیں۔

سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے یہ بھی کہا کہ ایسے گروہ بھی ہیں جو افغانستان میں بھی ہیں اور پاکستان میں بھی، افغانستان میں کارروائی کے وقت یہ گروہ پاکستان آجاتے ہیں، پاکستان میں ان گروہوں کے خلاف کارروائی پر یہ گروہ افغانستان چلے جاتے ہیں، افغانستان پاکستان کا برادر ملک ہے،دونوں ممالک کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں 150دہشت گرد حملوں کے بجائے ایک حملہ رہ گیا، دنیا کو دہشت گردوں کے خلاف بیانیہ تشکیل دینا ہوگا، طالبان کو شکست دینے میں پیچیدہ سرحد جیسے مسائل ہیں، افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی بھی مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

راحیل شریف نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی حدود و قیود بہت پیچیدہ ہیں ان کاخیال رکھنا پڑتا ہے، جہاں فوجیوں کے سر کاٹے جائیں وہاں سخت کارروائی کرنا پڑتی ہے، ہم ہر صورت انسانی حقوق، فوجی آپریشن میں توازن رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، مذہبی ہم آہنگی کے لیے کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل حل کرنا ہوں گے۔

مزید خبریں :