28 جون ، 2012
کراچی… ملک کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوتے ہی موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے دو روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے میدانی اضلاع گزشتہ ایک ماہ سے گرمی کی لپیٹ ہیں۔ سورج کی تپش اور گرم ہواوٴں نے سڑکیں سنسان اور بازاروں کو ویران کر رکھا ہے۔ تاہم رواں ہفتے سے موسم میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی ہے اور گرمی کی شدت آہستہ آہستہ کم ہورہی ہے۔ ضلع بدین کئی روز سے گرد آلود تیز ہواوٴں کی لپیٹ میں ہے۔ درجنوں کچے مکانات گرچکے ہیں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پنجاب، خیبرپختون خواہ ، کشمیر اور مری میں چند ایک مقامات پر بارشوں کے بعد سے موسم بہتر ہوا ہے۔ گلگت بلتستان میں آج دوسرے روز بھی موسم ابرآلود ہے۔ اسکردو شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ ٹھنڈے موسم کی تلاش میں دور دراز سے آئے ہوئے سیاح خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔