23 جنوری ، 2017
امین انور...کراچی میں ملک مخالف تقاریر میں سہولت کاری کے3 مقدمات کی سماعت میں عدالت نے ممبر قومی اسمبلی کنور نوید جمیل کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کرلی جبکہ میڈیا ہاؤسز پر حملے میں 10ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
کراچی کی انسداددہشت گردی کی عدالتے میں ملک مخالف تقاریر میں سہولت کاری کے مقدمات کی سماعت ہوئی، عدالت نے ممبر قومی اسمبلی کنور نوید جمیل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ مفرور ملزمان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
مفرور ملزمان میں فاروق ستار، عامر لیاقت و دیگر شامل ہیں، عدالت وزارت داخلہ کو ایم کیو ایم قائد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دے چکی ہے۔
ملزمان کے خلاف سائٹ، سپر ہائی وے، قائد آباد اور اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمات درج ہیں، دوسری جانب عدالت نے میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق 5 کیسز کی سماعت کے دوران ملزم گل فراز خٹک کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کرلی جبکہ دوسرے کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کردیا۔
عدالت نے قمر منصور کی 3 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی، ان کی ضمانت ایک ایک لاکھ روپے میں منظور کی گئی ہے، جبکہ 10ملزمان کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایڈیشنل آئی جی ہی مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔
عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 31 جنوری تک ملتوی کر دی۔