24 جنوری ، 2017
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے فوج کی مکمل نگرانی میں مردم شماری کرانے کا مطالبہ کردیا۔
سندھ اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ فوج کی مکمل ذمہ داری چاہتے ہیں، ایسا نہ ہو کہ شہری علاقوں کے ساتھ 98ء والی زیادتی ہو،98ء میں بھی کراچی کی آبادی40 لاکھ کم ظاہر کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کے ادارے شامل نہیں کئے گئے اگر کسی کو کراچی کے اداروں پر اعتراض ہے تو پھر ہمیں بھی اعتراض ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ فوج پورے عمل پر نظر رکھے سب کومردم شماری میں حصہ لینا چاہئے ۔
خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ کراچی کی گجراتی اور میمن برادری بھی زبان کے خانے میں اردو لکھیں، اگر مردم شماری صاف شفاف ہوئی تو آئندہ برس آنے والا وزیر اعلیٰ شہری علاقوں سے ہوگا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ میں کرپشن کے حوالے سے جلد ہی نیوز کانفرنس کریں گے۔