28 جنوری ، 2017
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کشمیری انصاف کے لیے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
کشمیر میں جاری حالیہ جدوجہد پر منعقدہ سیمینار سے خطاب میں قائد ایوان سینیٹ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کشمیرعوام کی قربانیوں کی طویل تاریخ ہے، برہان وانی کی قربانی نے سب کو اکٹھا کر دیا، اس قربانی سے منزل مزید صاف دکھائی دینے لگی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے خطاب میں کہا کہ کشمیر ہمارا قومی کاز ہے، اس پر یکجہتی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، کشمیری روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ تنہا نہیں، شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر حکومتی اقدامات سب کے سامنے ہیں، تمام سفیر مستقل بنیادوں پر آواز اٹھا رہے ہیں،مسئلہ کشمیر آج تک اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے۔