خصوصی رپورٹس
03 فروری ، 2017

30 انچ کا 21 سالہ بچہ

30 انچ کا 21 سالہ بچہ

 

افضل ندیم ڈوگر...نشوونما رکنے کی پیدائشی بیماری کے باعث 18 سال سے تین سال کا بچہ رہنے والا 30 انچ کا محمد جنید کراچی میں توجہ کا مرکز بن گیا۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو میں شرکت اور سوشل میڈیا پر آنے پر 21 سالہ بچے کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے، پنجاب میں ملتان کے نواحی شہر خان گڑھ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ محمد جنید پیدائشی بیماری کی وجہ سے قد، وزن، خدوخال، آواز اور شکل دو دہائی گزر جانے کے باوجود 3 سالہ بچے کے برابر ہے، یہاں تک کہ اس کا قد محض 30 انچ ہے اور حیرت انگیز طور پر اس کے فنگر پرنٹ بھی 3 سالہ بچے کی عمر سے آگے پروان نہیں چڑھ سکے، فنگر پرنٹ نہ ہونے کی وجہ سے نیشنل ڈیٹا بیس جنید کا شناختی کارڈ بنانے سے قاصر تھا۔

’جیو نیوز‘ نے اس کا مسئلہ اجاگر کیا تو جنید اپنا شناختی کارڈ بنوانے میں کامیاب ہوسکا، جس کے بعد پاسپورٹ بنوایا اور پھر وہ عمرے کی سعادت بھی حاصل کرچکا،’ جیو نیوز‘ کا شکریہ اداکرنے کیلئے جنید مظفرگڑھ سے کراچی آیا تو ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو میں مہمان بنا، جس کے بعد ’جیو نیوز‘ کے فیس بک پر اس کا انٹرویو لائیو کیا گیا تو اسے تھوڑی ہی دیر میں ہزاروں لائیکس ملے۔

محمد جنید اپنے سے دو سال بڑے بھائی محمد باسط کی گود میں تھا جو کہ نارمل نوجوان ہے، اس کا 4 سالہ بھائی محمد سعد بھی نارمل نشونما رکھتا ہے، جنید کے والد حب میں کپڑے کے تاجر ہیں، جنید کے مطابق وہ 5 سال کا ہوا تو قد نہ بڑھنے پر ڈاکٹرز سے رجوع کیا گیا، علاج کیلئے کراچی کے بڑے اسپتالوں میں رجوع کیا مگر ڈاکٹرز نے جواب دے دیا، یوں اس نے چھٹی کلاس کے بعد اسکول سے بھی کنارہ کرلیا،اس کا کہنا ہے کہ اسکول جانے کا دل نہیں کرتا۔

جنید کو پرندوں کا شوق ہے مگر وہ خود زندگی کی بھرپوراڑان نہیں بھر سکتا، شادی کے بارے میں سوال کیا گیا تو اس کا کہنا ہے کہ دوستوں کے ساتھ خوش ہوں شادی کرلی تو دوست چھن جائیں گے،اس کا کہنا ہے کہ شادی کا دل نہیں کرتا۔

کراچی میں گھومنے کے دوران وہ شہریوں خاص طور پر بچوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا، بچہ جان کر پیار کرنے والی خواتین اسے 21 سال کا بتانے پر شرما جاتیں،جنید کا کہنا ہے کہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس کا نام ہونا چاہئے، وہ مشہور ہونا چاہتا ہے، اسے ماڈلنگ کا بھی شوق ہے۔

مزید خبریں :