29 جون ، 2012
لاہور … وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ اپنے دورمیں سپریم کورٹ کی اینٹ سے بجانے والے آج ہم پر عدلیہ سے ٹکراوٴ کا الزام لگارہے ہیں، جمہوریت کو چلنے نہ دیا گیا تو ملک کا نقصان ہوگا۔ لاہورمیں ایک شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا ہم لوگ خود مقدمات میں پھنسے تھے لیکن اداروں سے ٹکراوٴ نہیں کیا، نہ ہی یوسف رضا گیلانی اور چوہدریوں کے بیٹوں پر الزامات کو پارلیمنٹ کیخلاف سازش قرار دیا۔ قمرزمان کائرہ کا کہناتھاکہ جمہوریت کو چلنے نہ دیا گیا تو ملک کا نقصان ہوگا،لانگ مارچ اور اداروں میں ٹکراوٴ کی دھمکیاں دینا درست نہیں، اگر کسی نے برا کیا ہے تو اسے سزاملنی چاہئے ۔