14 فروری ، 2017
امین حفیظ...وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا مؤثر اور بھرپور جواب دینا ہمارا واحد راستہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
لاہور میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے، جس میں وزیراعظم کو گزشتہ روز کے خود کش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اجلاس سے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنےو الے اداروں نے بے مثال قربانیاں دیں،قومی عزم کے ذریعے دشمن کو شکست دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں کبھی نہیں بھلائے گی، دہشت گردی کے ناسور کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،باحیثیت قوم ہم اس جنگ کی تاریخ میں درست سمت پر ہیں۔
اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر ناصرجنجوعہ بھی شریک تھے۔
اجلاس میں گزشتہ روز کے خود کش دھماکے سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے وزیراعظم کو سیکیورٹی کی صورت حال پر بریفنگ بھی دی۔
وزیر اعظم کو ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر نے بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو سے تحقیقات کو تیز کرنے میں مدد ملی ہے۔
رائے طاہر نے انہیں یہ بھی بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیوں میں 231 دہشت گرد مارے گئے، سال 2016ء میں دہشت گردی کے 12 منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔
انہوں نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں کارروائیوں میں 769 دہشت گرد گرفتار کیے،سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس بہت جلد ان دہشت گردوں سے حساب لے گی۔