14 فروری ، 2017
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاناما کی سماعت کل سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے، سپریم کورٹ میں 3نئی دستاویزات جمع کرائی ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگومیں مزید کہا کہ ہم اور ہماری جماعت اس دکھ کی گھڑی میں اہل لاہور کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ یہ کہا جارہا ہے کہ مریم نواز بینیفشری نہیں بلکہ ٹرسٹی ہیں، مریم اورحسین نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ پر برطانوی قانون کی رائے جمع کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری دستاویز عمران خان کا بیان حلفی ہے، نوازشریف ان کاغذات کوجعلی سمجھتےہیں توان کو بھی بیان حلفی جمع کرانا ہو گا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ تیسری دستاویز منروا کی جانب سے فلیٹس کی اونر شپ سےمتعلق ہے، لندن فلیٹس نیلسن اور نیسکول کے ہی ہیں،دانیال عزیزکےحلقےکوکروڑوں روپےدیےگئے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے دو ہفتوں میں کیس مکمل ہو جائے گا اور جلد فیصلہ آئے گا، قطری خط جھوٹا اور جعلی ہے، جس سے قطری حکومت نے بھی لاتعلقی ظاہر کر دی ہے۔
اس موقع پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کا دفاع کرنے والوں کو کھلے دل سے پیسے دیے جارہے ہیں،دانیال عزیز و دیگر ایم این ایز کو 35،35کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔