02 مارچ ، 2017
سوات میں آج بھی قدیم اورروایتی فرنیچرانتہائی نفاست اور خوبصورتی سے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔ چمڑے اور لکڑی کا یہ فرنیچر خوبصورتی اور پائیداری میں اپنی مثال آپ ہے۔
سوات کی تحصیل مٹہ میں گزشتہ کئی دہائیوں سے بھینس کے چمڑے اور مقامی لکڑی سے فرنیچر تیار کیا جاتا ہے۔لکڑی اور چمڑے سے دیدہ زیب صوفے، کرسیاں،چارپائی اور دیگر اشیاء تیار کی جاتی ہیں۔ یہ فرنیچر دیکھنے میں جتنا خوبصورت اور دیدہ زیب دکھائی دیتا ہے، استعمال میں اتناہی ارام دہ اور مضبوط بھی ہے۔
مقامی کاریگروں کا دعویٰ ہے کہ یہ فرنیچر پائیداری میں بے مثال ہے اور کئی دہائیوں تک خراب نہیں ہو تا اس لئے اب اس فرنیچر کی مقامی مارکیٹ کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی مانگ بڑھ گئی ہے۔کچھ بزرگ کاریگر کہتے ہیں کہ ان فرنیچر کی گارنٹی سو سال کی ہے۔
مقامی کاریگر کا کہنا ہے کہ میں یہ کام بچپن سے کر رہا ہوں، یہاں ہم صوفہ سیٹ، تکیہ ، پھیڑےاور چارپائی تیار کرتے ہیں۔ اس کی اہمیت یہ ہے کہ ان اشیاء کی عمر زیادہ ہو تی ہے۔یہ چالیس پچاس سال تک بڑی آسانی کے ساتھ چلتے ہیں۔
ہنر مندوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ کام اپنے آباؤ اجداد کے دور سے کر رہے ہیں اور نئے دور میں ایک دفعہ پھر اس کی مانگ برھ گئی ہے۔