01 جولائی ، 2012
گوہاٹی…شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام میں 100سے زائد افراد کے ایک گروہ نے کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ رومی ناتھ پر حملہ کرکے انھیں اور انکے شوہر کو شدید زخمی کردیا۔مشتعل افراد کے حملے کی وجہ رومی ناتھ کی ایک مسلمان جکی جاکر(ذکی ذاکر) سے دوسری شادی بتائی جاتی ہے۔حملہ اسوقت کیا گیا جب یہ نوبیاہتا جوڑا ہفتے کی شب ایک ہوٹل میں کھانا کھارہا تھا۔واضح رہے کہ 33سالہ رومی ناتھ برخولہ کے حلقے سے اسمبلی کی رکن ہیں اور انھوں نے گزشتہ ماہ اسلام قبول کرکے جکی جاکر سے شادی کی ہے۔ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔رومی ناتھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان پر شراب کے نشے میں مدہوش نوجوانوں نے حملہ کیا ، آبروریزی کی کوشش کی اور کپڑے پھاڑ ڈالے۔رومی کے مطابق انھوں نے جب سے شادی کی ہے اسے ایک سیاسی مسئلہ بناکر ایک سیاسی سازش کی گئی ہے۔دریں اثناء مقامی ایس پی پردیپ پجاری نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ میں ملوث پانچ ملزمان کو پکڑلیا گیا ہے۔ادھر یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حملہ اس وجہ سے کیا گیا ہے کیونکہ یہ جوڑا حملے والے دن کسی مندر میں گیا تھا۔رومی ناتھ نے 2006میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔تاہم بعد میں انھوں نے کانگریس میں شامل ہوکر 2011میں دوبارہ اس نشست پر کامیابی حاصل کی ۔رومی کے سابق شوہر راکیش سنگھ ،جس سے اسکی ایک دوسالہ بیٹی بھی ہے، نے گزشتہ ماہ مقدمہ درج کرایا تھا کہ اسکی بیوی لاپتہ ہے۔تاہم رومی ناتھ نے منظر عام پر آکر اعلان کیا کہ اس نے فیس بک کے اپنے ایک دوست سے مسلمان ہوکر اپنی مرضی سے دوسری شادی کرلی ہے۔ادھر کانگریس نے رومی پر حملے کی مذمت کی ہے۔