01 جولائی ، 2012
لاہور…جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ چیئر مین نیب کا بیان پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے انکشافات کے باوجودچیئرمین نیب کا کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ گیلانی کے دور حکومت میں پاکستان کو کرپشن،ٹیکس چوری اور خراب طرز حکمرانی کی وجہ سے کھربوں روپے کا نقصان ہوا، ایوان صدر سے لے کر نیچے تک کرپشن کا بازار گرم ہے،انہوں نے کہا کہ 50ماہ کے دوران اسٹیٹ بینک کے چار گورنر،6فنانس سیکریٹری اور ایف آئی اے کے10ڈائریکٹرزتبدیل کیے گئے۔