خصوصی رپورٹس
08 مارچ ، 2017

کوئٹہ: ’آپریشن رد الفساد‘ دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں تیز

کوئٹہ: ’آپریشن رد الفساد‘ دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں تیز

بلوچستان میں جہاں تھریٹ لیول ہمیشہ ہائی رہتا ہے یہاں سیکیورٹی فورسز اور پولیس حکام دہشت گرد عناصر کی سر کوبی کا دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں ۔

آپریشن ردالفساد کے تحت کوئٹہ میں بھی پولیس نے سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

پولیس حکام کےمطابق ان کارروائیوں میں 71مشتبہ افراد اور 621غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتارکیاگیا ہے، بلوچستان میں تھریٹ الرٹ کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں رواں سال کل 96 تھریٹ الرٹ جاری ہوئے ان میں سے 40 صرف کوئٹہ کے لیے تھے۔

کوئٹہ میں بھی آپریشن ردالفساد کےتحت کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران پولیس کے دہشت گردوں کے خلاف 5مقابلے ہوئے جن میں 5شرپسند مارے گئے ہیں، سرچ اور کومبنگ آپریشنز کے دوران 71مشتبہ گرفتار کئے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ نے ’جیونیوز‘ کو بتایا کہ ناصرف دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے بلکہ غیرقانونی تارکین وطن کےخلاف بھی آپریشن جاری ہے اور اب تک مختلف کارروائیوں میں کوئٹہ سے 621غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا، اس کے علاوہ قلعہ عبداللہ، مستونگ، پشین، نوشکی اور چاغی سے مجموعی طور پر 130 افغان مہاجرین کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایف سی نےبھی فارن ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں کی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ مہاجرکارڈکےحامل تارکین وطن کو نہیں پکڑا جا رہا، جو گرفتار ہوئے ہیں ان کے پاس ملک میں رہنے کی کوئی قانونی دستاویز نہیں پائی گئی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے مزید بتایا کہ حالیہ کارروائیوں میں 92اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، پولیس لسٹ میں تقریباً ایک ہزاراشتہاری ملزمان ہیں، یکم جنوری سے اب تک 49 آپریشنز کے دوران 157مفرورملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے، ہوائی فائرنگ کے 8مقدمات درج کئے گئے اور 8ہی افراد کو گرفتار کیاگیا۔

جنوری سے اب تک کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے 5 واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 3بم دھماکوں میں 2 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے، کوئٹہ میں سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے پولیس حکام کے مطابق اسی حوالے سے نیسپاک صورت حال کو دیکھ رہی ہے ،نیسپاک حکام کے مطابق یہ بڑا منصوبہ ہے، اس کے لیے بین الاقوامی فرم کو ہائر کیا ہے، آئندہ چند روز میں اس کی ٹیکنیکل حوالے سے رپورٹ آنے کا امکان ہے۔

ادھر پولیس کی جانب سے شہر میں 63سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور تمام کیمرے صحیح کام کر رہے ہیں اور محکمہ پولیس عوام کی جان و مال کی تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

مزید خبریں :