خصوصی رپورٹس
14 مارچ ، 2017

رواں سال ریلیز ہونے والی نئی بالی ووڈ فلمیں ، باہو بلی سر فہرست

رواں سال ریلیز ہونے والی نئی بالی ووڈ فلمیں ، باہو بلی سر فہرست

اس سال جن بڑی اور مہنگی فلموں کا سب کو انتظار ہے اس میں عامر خان ہے نہ سلمان خان۔اور جب یہ دونوں خان اس سال پیچھے رہ گئے تو شاہ رخ خان کی جگہ کیسے بنے گی۔

اپریل میں ریلیز ہوگی تیلگو فلم ”باہو بلی“ کا دوسرا حصہ۔تیلگو فلمیں ممبئی میں نہیں حیدر آباد دکن میں بنتی ہیں اور ان کی زبان ہندی نہیں تیلگو ہوتی ہیں جنھیں تامل اور ملیالم میں بھی ڈب کر کے پیش کیا جاتا ہے۔

باہو بلی وہ فلم ہے جس نے دو سال پہلے سب کو چونکا دیاتھا۔ فلم تیلگو اسٹار کاسٹ کے ساتھ بنائی گئی تھی لیکن فلم کے بالی و ڈ” ڈب ورژن“ نے بھی سو کروڑ کا چھکا لگایا۔دنیا بھر میں ’باہوبلی‘ کی کمائی چھ سو کروڑ رہی۔

فلم چھلانگ لگا کر مغل اعظم ،شعلے اورہم آپ کے ہیں کون جیسی کلاسک فلموں کے ساتھ کھڑی ہوگئی۔فلم کے سیٹ، لوکیشن،کاسٹیوم،میک اپ اوراسپیشل ایفکٹس نے سب کو حیران کردیا ۔

باہو بلی نے بالی وڈ کی فلموں کو تو چِت کیا ہی لیکن پہلی بار بھارت میں بنی ہوئی کسی فلم نے ہالی وڈ کو ٹکر دی۔فلم کی کہانی دو بہادر راجکماربھائیوں کی اچھائی اور برائی کی داستان ہے۔ایک سب کا ہیرو اوردوسرا سب کیلئے ولن۔فلم میں جنگ کے ناقابل یقین مناظر فلمائے گئے تھے۔

باہو بلی اُس وقت تک کی سب سے مہنگی فلم تھی۔اس کے ڈائریکٹر راج مرلی ہی فلم کے اصل ہیرو تھے۔ مشہور اور سو کروڑ کا چھکا لگانے والی بالی وڈ فلمیں اکشے کمار کی راوٴڈی راٹھور اوراجے دیوگن کی سن آف سردار بھی راج مرلی کی اوریجنل فلموں کا آفیشل ریمیک تھیں۔راج مرلی کی پہلے بنائی گئی فلموں میں” مکھی“ بھی شامل ہے ۔ہیرو باہو بلی،ولن بھلا دیو کی طرح وفادار غلام”کٹپا“ کا کردار بھی بہت مشہور ہوا۔

فلم میں باہو بلی کے دو کردار تھے ایک باپ دوسرا بیٹا۔باپ باہو بلی جسے راجا بنانے کا اعلان ہوتا لیکن وہ اپنے سب سے زیادہ وفادار غلام”کٹپا“ کے ہاتھوں مارا جاتا ہے۔دو سال سے بالی وڈ میں یہ سوال سب کا پیچھا کررہا ہے کہ ”کٹپا“ نے باہو بلی کو کیوں مارا؟خیر اب اس سوال کا جواب اگلے مہینے سب جان جائیں گے۔

فلم میں بیٹا باہو بلی باپ کے قتل اور اپنی ماں کے ساتھ ہونے والے ظلم کا کس طرح بدلہ لے گا۔یہ راز بھی فلم کی ریلیز کے ساتھ ہی کھل جائے گا۔باہو بلی 2اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہوگی ۔فلم کا بجٹ دو سو کروڑ سے بھی زیادہ ہے۔فلم پہلی انڈین مووی بھی بن سکتی ہے جو دنگل اور پی کے سے آگے نکل کر دنیا بھر میں ہزار کروڑ کا چھکالگانے میں کامیاب ہوجائے۔

باہو بلی کاسب سے کامیاب فلم ہونے کا ریکارڈ کب تک برقرار رہتا یہ تو کسی کو نہیں معلوم لیکن سب سے مہنگی فلم کا ریکارڈ اسی سال دیوالی کے پٹاخوں کے ساتھ پھٹ جائے گا۔دیوالی یعنی اکتوبر میں ریلیز ہوگی۔

بھارت کے سب سے بڑے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ”روبوٹ 2“۔روبوٹ بھی باہو بلی کی طرح سیکوئل ہے ۔سات سال پہلے بننے والی فلم روبوٹ کا جس کا اصل نام ”اِندھیرن“ تھا اور یہ فلم ”تامل“ زبان میں بنائی گئی تھی۔

دلچسپ بات ہے کہ روبوٹ اور باہو بلی میں کئی باتیں ملتی جلتی ہیں۔دونوں فلمیں بالی وڈ کی نہیں، دونوں فلموں کو ڈب کر کے پیش کیا گیا، دونوں نے دنیا بھر میں کامیابی پائی، دونوں میں ہیرو کے ڈبل رول تھے۔دونوں کے اسپیشل ایفکٹس ہالی وڈ کی ٹکر کے تھے۔ دونوں کے ولن کے کردار زیادہ پاپولر ہوئے ۔

دونوں فلمیں اپنے اپنے وقت کی سب سے مہنگی فلمیں تھیں اور دونوں فلموں کے سیکوئل یا پری کوئل 2017میں ریلیز ہوںگے۔رجنی کانت کی فلم روبوٹ باہو بلی سے دو گنا مہنگی فلم ہے۔

اس فلم کی لاگت 4سو کروڑ ہے۔روبوٹ2 کوصرف کامیاب فلم کہلانے کیلئے دنیا بھر سے6سو کروڑ کمانے ہوںگے اور سب سے آگے نکلنے کیلئے باہو بلی 2کا ریکارڈ توڑنا ہوگا۔رجنی کانت کے فین چین میں بھی بہت ہیں اس سے فلم کو اور فائدہ ہوگا۔روبوٹ2میں اس بار ولن کوئی اور نہیں اکشے کمار ہوںگے۔

کھلاڑی کمار اپنے کیریئر میں دوسری بار ولن کا کردار ادا کریں گے ۔وہ اس سے پہلے فلم” اجنبی“ میں منفی کردار ادا کر کے تالیاں اور ”ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی “میں گالیاں سن چکے ہیں اور ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

بے وفا اور بلیو میں بھی اکشے کمار کے کردار نیگیٹو تھے لیکن مکمل ولن نہیں۔فلم روبوٹ2 میں اکشے کمار والے کردار کیلئے پہلے ہالی وڈ کے آرنلڈ شیوازنگر سے بھی بات ہوئی تھی لیکن فلم کے بجٹ کے ” آوٴٹ آف کنٹرول“ ہوجانے کے خطرے سے پہلے ہی یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

روبوٹ میں تلوار کی جنگ نہیں جدید ترین ہتھیاروں سے لڑائی ہوگی،اسپیشل ایفیکٹس بھی باہو بلی سے کافی زیادہ ہوں گے۔

پچھلے سال کے مقابلے میں یہ سال سیکوئلز کیلئے اتنا برا ثابت نہیں ہوگا۔2016میں13 سے زائد سیکوئلز ریلیز ہوئے تھے جن میں سے صرف ایک ہاوٴس فل تھری ہی کامیاب ہوا لیکن وہ بھی اپنی پہلی دو فلموں سے کم۔اس سال کا آغاز اکشے کی ہی ” جولی ایل ایل بی 2“ کی کامیابی سے ہوچکا ہے۔

کمانڈو 2بھی اتنی بری نہیں گئی اب ”بدری ناتھ کی دلہینا“ کی رپورٹ بھی آجائے گی۔

روبوٹ اور باہو بلی کی طرح اس سال ایک اور بڑی فلم کا سیکوئل آئے گا وہ ہے سلمان خان کی ” ایک تھا ٹائیگر“ کا پارٹ 2”ٹائیگر زندہ ہے“ لیکن حیران کن طور پر سلمان کی ٹیوب لائٹ سے تو امیدیں روشن ہیں لیکن ”ٹائیگر زندہ ہے“ اتنی کامیاب نہیں ہوگی جتنی سلمان خان کی فلم سے توقعات ہوتی ہیں۔

مزید خبریں :