خصوصی رپورٹس
03 اپریل ، 2017

بچوں کیلئے پھول سی وہ، دشمن کیلئے تلوار: ’مُام‘

بچوں کیلئے پھول سی وہ، دشمن کیلئے تلوار: ’مُام‘

چھیاسٹھ سیکنڈز کی پہلی جھلک ،پہلے ”ٹیزر “نے فلم ”مُام “ کے انتظار کی شدت اور بڑھادی۔ٹیزر تیزی سے شروع ہوتا ہے ایک پل کیلئے بھی آنکھ جھپکنے کا موقع نہیں دیتا۔آپ کو ایسا لگتا ہے کہ ایک پل میں آپ سب کچھ کھو دیں گے۔

”ٹیزر“ شروع ہوتے ہی آپ کرداروں سے جُڑ جاتے ہیں بلکہ کہنا چاہیے یہ 66سیکنڈز آپ ”مُام“ کی جھلکیوں سے چِپک جاتے ہیں۔سری دیوی ایک ماں جو اپنی بیٹی کو ڈھونڈ بھی رہی ہے اور کسی سے ڈر بھی رہی ہے۔سجل علی کا غلط ہاتھوں میں استعمال۔اکشے کھنہ،عدنان صدیقی اور سب سے بڑ ھ کر نواز الدین صدیقی کی پراسرار جھلک۔ فلم میں اور بھی کردار ہیں جو ابھی اس جھلک میں نہیں دکھائے گئے۔

کون ہے جو ایک ”ماں “ کی مدد کر رہا ہے اور کون ہے جو اِس ماں سے اُس کا پھول چھین رہا ہے۔ٹیزر نے فلم دیکھنے کی تڑپ بڑھادی ہے۔”مُام“ کے ٹیزر نے بھلے کہانی کھول کر نہیں رکھی لیکن سب کو پتا چل گیا کہ فلم ”ڈارک ڈرامہ“ سسپنس اور تھرل سے بھرپور ہے۔

ایسی فلموں کا دورانیہ بھی چھوٹا ہوتا ہے ۔فلم میں گانوں اور کامیڈی کی گنجائش بھی نہیں لگتی لیکن اے آر رحمٰن اور ارشاد کامل کے نام کریڈٹ میں دیکھ کر ٹائٹل سانگ یا بیک گراوٴنڈ گانے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا۔فلم کی کاسٹنگ زبردست دکھائی دے رہی ہے۔اداکاری اور ٹیلنٹ میں سری دیوی، اکشے کھنہ اور نواز الدین صدیقی بہت آگے ہیں۔پاکستانی اسٹارز سجل علی اور عدنان صدیقی بھی کردار نگاری میں پیچھے نہیں۔

”انگلش ونگلش“ کی کامیابی کے بعد سری دیوی نے اپنی اس فلم کیلئے پانچ سال انتظار کیا۔’’انگلش ونگلش‘‘ میں اداکاری میں سری دیوی نے اپنی فلموں ’صدمہ‘،’گمراہ‘،’چاندنی‘ ،’چالباز‘اور’لمحے ‘سب کو پیچھے چھوڑ دیا تھالیکن ”مام“ سے سری دیوی ”نگینہ“ کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہیں۔’’نگینہ‘‘ وہ فلم ہے جس میں سری دیوی ایک خوبصورت ناگن بنی تھیں۔

اکشے کھنہ کیونکہ اب کافی فلموں میں منفی کردار ادا کرچکے ہیں اس فلم میں ان کا کردارکئی شیڈز کا حامل دکھائی دیتا ہے ۔فلم بنانے والے عدنان صدیقی کی شکل میں برائی یا ولن کا جھٹکا دیکھنے والوں کو لگاسکتے ہیں۔

نواز الدین صدیقی کا گیٹ اپ شاندار ہے لیکن کردار پرسرار ۔نواز کی پاکستانی اسٹارز کے ساتھ کیمسٹری جمتی بھی بہت خوب ہے ،اب چاہے وہ اشتہار ہوں یا فلمیں۔’ٹیز ر‘ میں بیک گراوٴنڈ میوزک اور ساوٴنڈ ایفکٹس نے مناظر کا خوب ساتھ دیا اور فلم کی پراسراریت بڑھانے میں موثر کردار ادا کیا۔

ٹیز ر کی طرح فلم میں بھی بیک گراوٴنڈ میوزک بہت اہم ہوگا اور ساتھ ساتھ ہوگا۔ٹیزر میں صرف ایک مکالمہ استعمال ہوا ہے وہ بھی سری دیوی کی آواز میں اور یہ مکالمہ ٹیزر کو ایک سوال پر ختم کردیتا ہے جب آواز آتی ہے کہ ”غلط اور بہت غلط میں سے چننا ہوں، تو آپ کیا چُنے گے؟“

اس ٹیزر سے پہلے موشن پوسٹر بھی ریلیز ہواتھا جس میں نواز الدین صدیقی کی آواز میں ایک لائن کہانی کی مخبری کرتی ہے۔نواز الدین صدیقی موشن پوسٹرمیں ”ماں“ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہتے ہیں ”بچوں کیلئے پھول سی وہ دشمن کیلئے تلوار“۔

”مام “ کی ریلیز ڈیٹ 14جولائی ہے یعنی ابھی تین مہینے سے بھی زیادہ وقت باقی ہے۔مام کی ریلیز سے پہلے وومن اورینٹیڈفلمیں بدری ناتھ کی دلہنیا،نام شبانہ، بیگم جان اور ماتر ریلیز ہوچکی ہونگی لیکن ”مام“ جیسی کوئی نہیں۔

مزید خبریں :