خصوصی رپورٹس
05 اپریل ، 2017

عالیہ بھٹ اداکارہ بھی اسٹار بھی

عالیہ بھٹ اداکارہ بھی اسٹار بھی

عالیہ بھٹ مہیش بھٹ کی بیٹی اور پوجا بھٹ کی بہن ضرور ہیں، لیکن ابھی تک پانچ سالہ فلمی کیریئر میں انھوں نے ’اپنے گھر‘ کی ایک بھی فلم میں کام نہیں کیا۔شاید یہی وجہ ہے کہ کرن جوہر کی اس ”اسٹوڈنٹ آف دی ایئر“ کا کیریئر اپنے ساتھیوں سے بہت آگے ہے۔

دلچسپ بات ہے کہ 2012میں ریلیز ہونے والی فلم ”اسٹوڈنٹ آف دی ایئر“ سے عالیہ بھٹ، ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا نے اپنے کیریر کا آغاز کیا ،فلم بھی کافی ہِٹ تھی، لیکن بہترین نئے اداکار اور نئی اداکارہ کا ایوارڈ ان تینوں میں سے کسی کو نہیں ملا تھا۔

فلم ”وکی ڈونر“ سے یہ ایوارڈ ایوشمان کھرانہ اور فلم ”برفی “ والی الیانا ڈی کروز کو دیا گیا تھا،خیر ایوارڈز کی تقریب میں نظر انداز ہونے والے یہ تینوں نوجوان اداکار آج بالی وڈ کے اسٹارز ہیں،عالیہ بھٹ تو ورون اور سدھارتھ سے بھی آگے بڑھ گئی ہیں۔

”اڑتا پنجاب“ سے کامیابی اور بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت کر عالیہ بھٹ اداکاری کے میدان میں اس وقت ودیا بالن ،رانی مکھر جی ،کاجول اور تبو سے آگے نکل آئی ہیں۔اسٹار ڈم میں ابھی عالیہ بھٹ کو وہ نمبر نہیں ملے ،جو کترینا، کرینا اور دپیکا کے پاس ہیں لیکن پرفارمنس میں عالیہ بھٹ نے ان تینوں حسیناوٴں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔عالیہ بھٹ کی5 سالوں میں 9فلمیں ریلیز ہوئیں ہیں،ان میں سے صرف”شاندار “فلم کرنا ہی عالیہ کیلئے مہنگا پڑا ہے اور یہ فلم شاندار ان کے کیریر کی ”ہائی وے “پر آنے والی واحد فلاپ فلم ہے۔

باقی اسٹوڈنٹ آف دی ایئر، ہائی وے ،2اسٹیٹس،ہمپٹی شرما کی دلہن،شاندار، کپور اینڈ سنز،اڑتا پنجاب ، ڈیئر زندگی اور بدری ناتھ کی دلہنیا سب کی سب سپر ہٹ فلمیں ہیں۔بالی وڈ جہاں کی فلموں میں اداکارہ کا کردار ہیرو کے پیچھے پیچھے بھاگتا ہے وہاں عالیہ کی تمام فلموں میں ان کا کردار اور اداکاری فلم کے ہیروز پر بھاری نظر آیا ۔عالیہ کی فلموں میں ہیرو عالیہ ہی ہوتی ہیں۔

عالیہ کے ”فادر“ مہیش بھٹ ہیں لیکن ”گاڈ فادر“ کرن جوہر۔کرن نے ہی عالیہ کا کیریر لانچ کیا اور اس کے بعدعالیہ کیلئے ”بدری ناتھ کی دلہنیا“ سمیت7پروڈیوس کی ۔عالیہ کی صرف دو فلموں”ہائی وے “ اور ”شاندار“ میں ہی کرن کا پیسا اور دماغ نہیں لگا۔باقی عالیہ نے کرن کیلئے وہ جگہ بھی پُر کی جو ”کاجول“ سے جھگڑے کے بعد خالی تھی۔

کرن جوہر کی ڈائرکٹ کی ہوئی فلموں میں کاجول ہوتیں تھی یا ان کی جھلک ۔اب ”اے دل ہے مشکل“ میں یہ اسپیشل اپیئرنس کا کام عالیہ بھٹ نے نبھایا۔عالیہ بھٹ کی 9فلمیں دنیا بھر میں ہزار کروڑسے زائد کا بزنس کرچکی ہیں یعنی عالیہ کی فی فلم کمائی کا اوسط سو کروڑ ہے اور عالیہ کوپریانکا، دپیکا، کترینا اور کرینا کی طرح بڑے ہیروز اور مہنگی فلموں کی ضرورت بھی نہیں۔

عالیہ کی ”ڈیئر زندگی“ ویسے سدھارتھ کے زیادہ قریب ہے اور اِن دونوں کی دونوں فلمیں بھی باکس آفس پر ہٹ رہی لیکن عالیہ کے اپنے دوست ورون کے ساتھ جوڑی زیادہ کامیاب ہے۔ورون اور عالیہ بھٹ کی تین فلمیں باکس آفس پر سپر ہٹ ہوئی ۔اتنی ساری سپر ہٹ فلمز اور گاڈ فادر کے باوجود اِس وقت عالیہ بھٹ کے پاس کوئی فلم نہیں لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ عالیہ نے مسلسل پانچ سال کام کام اور کام کے بعد بریک لیا ہے اور وہ اپنی چھٹیاں مزے سے منارہی ہیں۔

عالیہ کی ان چھٹیوں میں تو سدھارتھ کی جگہ بھی نہیں بنی اور وہ اپنی بچپن کی سہیلیوں کے ساتھ لندن گھوم رہی ہیں اور شاید اپنا ”آئی کیو“ اور ”جی کے“ یعنی معلومات عامہ بہتر کر رہی ہیں۔یہ جنرل نالج ہی تو تھا جس نے عالیہ کو مشکل میں بھی ڈالا اور تیزی سے ”مشہور“ بھی کروایا۔

جی ہاں !نہ فیملی ، نہ دوست ، نہ ہیروز نہ فلم اور نہ ہی کوئی لیک ویڈیو ،عالیہ کو سب سے زیادہ شہرت ایک سوال کے جواب نے دلائی۔تین سال پہلے عالیہ سے پوچھا گیا تھا کہ بھارت کے صدر کا نام کیا ہے اور عالیہ نے ایسا نام لیا جو موجودہ تو دور کی بات کسی سابق بھارتی صدر کا نام بھی نہیں تھا۔اور اس غلط جواب سے عالیہ اتنی تیزی سے ”مقبول “ ہوئی جو شاید وہ کسی بھی اور وجہ سے نہیں ہو پاتی۔

مزید خبریں :