06 اپریل ، 2017
پاک سرزمین پارٹی نے سندھ حکومت کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر دھرنا دیا ہے، پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہم نے سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کردی۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ادارے تباہ کر دیے، بدعنوانیوں کی سرپرستی کی،کراچی کے مسائل فوری حل نہ ہوئے تو حکومت نہیں چلنے دیں گے۔
مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ کراچی سندھ کا 50فیصد ہے مگر وسائل میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے،شہری پانی، بجلی، سیوریج سسٹم، ٹرانسپورٹ اور روزگار سمیت بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، سندھ حکومت نے فوری اقدامات نہ کئے تو اُسے چلنے نہیں دیں گے،
انہوں نے کہا کہ سند ھ حکومت نے کرپشن کا بازار گرم کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں پر قبضہ کیا، واٹر بورڈ اور اسپتالوں سمیت تمام متعلقہ ادارے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو واپس کئے جائیں۔
مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جنہیں عوام نے مینڈیٹ دیا وہ اختیارات کا رونا بھی رو رہے ہیں اور پیسے بھی کھارہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے صوبائی فنانس کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا۔