08 اپریل ، 2017
پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے وفد نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ سے ملاقات کی اوراپنی گزارشات پر مشتمل درخواست ان کے حوالے کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے دہلی کالونی،پنجاب کالونی اورملحقہ آبادیوںمیں کے الیکٹرک کی جانب سے بلاجواز میٹرزبندش اورداخلی راستوں کی کشادگی کے حوالے سے پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ عزیز سہروردی سے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں ملاقات کی اور اپنی گزارشات پر مشتمل درخواست جمع کرائی ۔
وفد میں کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 8کے منتخب کونسلر ذاکر محنتی سمیت دیگرکونسلرز ،پبلک ایڈ کمیٹی کے علاقائی نمائندے خلیفہ انوار ،مونس اخلاص، سہیل رعنااورمسعوداختر سمیت عمائدین علاقہ شمیم بنڈل اور آفتاب احمد بھی شامل تھے۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے پبلک ایڈ کمیٹی سائوتھ کے سینئر رہنما عبدالناصر سلام نے کہا کہ دہلی کالونی، پنجاب کالونی اورملحقہ علاقوں کی سینکڑوںعمارتوں میں بجلی کے مشترکہ میٹر کے باعث لاکھوں مکیںبجلی کے مہنگے یونٹس کی ادائیگی کی وجہ سے اذیت میںمبتلاہیںجو کہ ان غریب کچی آبادی میں رہنے والے مکینوں کیلئے سراسرظلم ہے۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ اور عدلیہ جیسے موقراداروں کے نام پرکے الیکٹرک (K-Electric)آٹھ سال سے بجلی کے نئے میٹرزکے اجراء پر ٹال مٹول کر رہی ہے۔اس حوالے سے پبلک ایڈکمیٹی کوعلاقہ مکینوں کی جانب سے ہزاروں درخواستیںموصول ہوچکی ہیں۔
ملاقات کے دوران کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ عزیزسہروردی نے وفد کومسائل کے قانونی پہلوئوں کے بارے میںآگاہ کیا اور ان مسائل کوحل کرنے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوںنے کہاکہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میںعوامی فلاح کے کاموں کے حوالے سے امتیازی مقام رکھتاہے اورآئندہ بھی عوامی خدمت کے لئے ہماری منتخب ٹیم اور عہدیداران پرعزم ہیں۔