08 اپریل ، 2017
کراچی میں گوشت کی دکانیں لوٹنے والا ڈاکو ایک سال بعد پولیس کے قابو میں آیا، مگر ایک مہینے سے بھی پہلے حوالات سے فرار ہوگیا، شعیب کویکم اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم کو تفتیش کے لیے جیل سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ٹیپو سلطان تھانے منتقل کیا گیا جہاں سے وہ پراسرار طور پر فرار ہوگیا، تھانے میں موجود 3افسران کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
کراچی میں گوشت کی درجنوں دکانیں لوٹنے والے گروہ کا مرکزی ملزم شعیب ٹیپو سلطان تھانے کے لاک اپ سے فرار ہوگیا،جبکہ تھانے میں تعینات افسران اور اہلکاروں کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔
یہ خبر میڈیا کی طرح پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی ہضم نہ ہوئی، سنجیدہ تحقیقات کے بعد متعلقہ حکام نے بتایا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود 3پولیس افسران کو ملزم کے فرار کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے،فرار کا واقعہ تینوں افسران کی غفلت یا ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔
حکام کے مطابق تینوں افسران کے خلاف اسی تھانے میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں اسی تھانے کے حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔
ملزم شعیب کو جوہر آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ ٹیپو سلطان پولیس 3روزہ ریمانڈ پر تھانے لائی تھی۔
گرفتار پولیس اہلکاروں کا موقف ہے کہ رات 3بجے شناختی پریڈ کے بعد ملزم کو لاک اپ میں بند کیا گیا اور بجلی جانے پر وہ نجانے کیسے فرار ہو گیا۔