04 جولائی ، 2012
راولپنڈی … دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف 7 جولائی کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس جبکہ 8 جولائی کو لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے حکومتی اعلان کے بعد راول پنڈی میں دفاع پاکستان کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے میڈیا کو بتایا کہ 8 جولائی کی صبح 9 بجے ناصر باغ لاہو ر سے لانگ مارچ کا آغاز ہو گا جو اسلام آباد پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ رابطے کریں گے، شیخ رشید احمد، عمران خان سے ملیں گے جبکہ وہ خود مولانا فضل الرحمان کو دعوت دینے جائیں گے۔ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف سے بھی لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل کی۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ وہ نیٹو سپلائی کھولنے کے فیصلے پر سیاسی و عسکری قیادت کی مذمت کرتے ہیں، حکومت قوم سے غداری پر فوری مستعفی ہوجائے۔