خصوصی رپورٹس
10 اپریل ، 2017

چین پاکستانی گدھوں پر سرمایہ کاری کا خواہشمند

چین پاکستانی گدھوں پر سرمایہ کاری کا خواہشمند

چین نے پاکستان میں گدھوں پر 10ملین ڈالر، تقریباً ایک ارب پاکستانی روپے کی سرمایہ کاری کی خواہش کااظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے تاکہ گدھوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔

چینی خواہش کا پس منظر فضاؤں میں پھیلی آلودگی ہے جو کئی طرح کی بیماریوں کا سبب بن رہی ہے، ملکی آب وہوا میں توازن لانے کے لیے چین تازہ ہوا کے کنٹینرز دوسرے ممالک سے درآمد کرتا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق تازہ ہوا کی ایک بوتل 1سے 40ڈالر کے درمیان فروخت کی جاتی ہے۔

چین نے گدھوں کی درآمد کا فیصلہ مال برداری کے لیے کیا ہے، اس طرح گاڑیوں کے استعمال میں کمی لائی جائے گی،خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ’سسٹین ایبل ڈنکی ڈیولپمنٹ پروگرام‘ متعارف کرایا گیا ہے، جہاں سے چین کو افزائش شدہ گدھے بھیجے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا کی حکومت یہ ارادہ رکھتی ہے کہ گدھوں کی قیمتوں کو بہتر بنائے جانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، اس کے ساتھ ساتھ بریڈرس اور تاجروں کی آمدنی بڑھانے کے اوپر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

اس پروگرام کے تحت نہ صرف سرمایہ کاری کی لاگت کو پوراکیا جائے گا بلکہ ایک معقول ذریعہ آمدنی کی بھی اُمید کی جا رہی ہے۔

چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے شعبہ زراعت کی طرف رغبت دلانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

 

مزید خبریں :