11 اپریل ، 2017
ایک ایسے وقت میں جب ہر کوئی ’پاناما کیس‘ فیصلے کا منتظر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کے راؤنڈ کی شروعات کی خبریں ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ 83سالہ چیئر مین پی سی بی شہریار محمد خان نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم ہاؤس بھجوا دیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کہ انہیں 30اپریل 2017ء تک کام کرنے دیا جائے،اس کی وجہ یہ ہے کہ شہریار خان چاہتے ہیں کہ دبئی میں 24تا 27اپریل ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں بطور چیئرمین پی سی بی شرکت کرسکیں۔
نوابزادہ شہریار محمد خان سمجھتے ہیںکہ آئی سی سی اجلاس میں بھارتی سیریز کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی اور بگ تھری پر ہونے والی گفتگو میں ان کی موجودگی اہم ثابت ہو گی۔
توقع یہی ہے کہ 24اپریل کو دبئی میں شروع ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں شہریار خان ہی بحیثیت چیئر مین ،پی سی بی کے نمائندے ہوں گے۔
دوسری جانب اہم بات یہ ہے کہ مئی میں بحیثیت چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ عہدے سے سبکدوش ہو جا نے والے شہریار خان کی مدت ملازمت اس سال اگست میں ختم ہوگی، تاہم وہ پی سی بی گورننگ بورڈ میں شامل رہیں گے۔