15 اپریل ، 2017
کراچی میں دوسرے مرحلے کے تحت آج سائنس گروپ کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے، امتحانات کے پہلے روز امتحانی مر کز کی بجلی نہ ہونے پر والدین نے چیئر مین میٹر ک بورڈ کی گاڑی روک کر احتجاج کیا۔
امتحانی مرکزگورنمنٹ کمپری ہینسیوگرلز اسکول نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں امتحانات کے دوران بجلی منقطع ہونے پروالدین سراپا احتجاج ہوگئےاور انہوں نے نعرے بھی لگائے۔
اسکول کی بجلی کئی ماہ سے منقطع ہونے کے باوجود اسے امتحانی مرکز بنادیا گیا،جس کی وجہ سے طالبات گرمی میں امتحان دینے پر مجبورہیں ، والدین سے یہ ستم دیکھا نہ گیا تو وہ سراپا احتجاج ہوگئے جبکہ ا متحانی مرکز کے باہر سے لڑکوں کو بلا کر طالبات کو پانی پلانے پر بھی والدین نے اعتراض کیا۔
والدین نے احتجاجاً چیئر مین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعیدالدین کی گاڑی روک دی، چیئرمین نے گاڑی سے اتر کر والدین کی شکایات سنی اور شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
والدین کا احتجاج رنگ لایا اور امتحانی مرکز کی بجلی ایک گھنٹے بعد بحال ہوگئی۔
چیئر مین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ امتحانات کے دوران امتحانی مرکز کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کے لیے کے الیکٹر ک کو خط ارسال کیا ہے۔