خصوصی رپورٹس
18 اپریل ، 2017

صبا قمر کی ’ہندی میڈیم‘۔۔کہانی گھر گھر کی

صبا قمر کی ’ہندی میڈیم‘۔۔کہانی گھر گھر کی

ایک اور پاکستانی حسینہ کی بالی وڈ فلم آرہی ہے۔صبا قمر۔ جنہیں پہلی ہی بالی وڈ فلم میں’ خان‘ ہیرو ملا ہے۔یہ خان کوئی سو دو سو کروڑ کا خان نہیں۔۔یہ خان ہے عرفان خان جس کی ہالی وڈ فلم” جراسک ورلڈ“ نے ایک لاکھ کروڑ کمائے تھے۔

صبا قمر سے پہلے اسی سال ماہرہ خان ”رئیس “ میں شاہ رخ کی ہیروئن بنیں۔صبا قمر کی فلم کے بعد سجل علی کی ”مُام“ بھی ریلیز کیلئے تیار ہے۔یعنی اس سال تین پاکستانی حسیناوٴں نے اپنے بالی وڈ کیریئر کا آغاز کیا۔

صبا قمر کی سوشل کامیڈی ’ ہندی میڈیم‘12مئی کو ریلیز ہوگی۔اسی ”12مئی“ کو پری نیتی چوپڑا اور آیوشمان کھرانہ کی ”میری پیاری بندو“ بھی ریلیز ہوگی۔’میری پیاری بندو‘ بھی ایک کامیڈی فلم ہے لیکن سوشل ایشوسے زیادہ اِس میں رومانس ہے۔

’ہندی میڈیم‘ کی ’کہانی ہے گھر گھر کی‘ ،میری ،آپ کی ،ہم سب کی۔گھر میں بیٹا ہو یا بیٹی، پیدا ہوتے ہی اس کیلئے نام سے پہلے دودھ، پیمپرز اور اچھے اسکول کی فکر پڑ جاتی ہے۔بلکہ کچھ ”اسکولز“میں تو بچوں کے نام پیدائش سے بھی پہلے رجسٹر ڈہوجاتے ہیں۔

اب” اچھے اسکولز “میں نام لکھوانے کیلئے والدین بچوں کی ویکسی نیشن سے زیادہ خبردار رہتے ہیں۔مہنگی فیس، وین فیس،ٹیوشن فیس ،میٹنگ ،ہوم ورک، فیلڈ ٹرپ ،کمپیوٹر لیب فیس ، ایکسٹرا ریسورس فیس یہ سب تو ایڈمیشن کے بعد کے جھنجٹ ہیں۔

فلم ’ہندی میڈیم‘ میں بھی ایک ایسے میاں بیوی ہیں جو اپنی چھوٹی سی بچی کے انگلش میڈیم اسکول میں ایڈمیشن کیلئے پریشان ہیں۔ان میں سے میاں بزنس مین ہے لیکن انگریزی سے انجان ہے۔یہ شوہر اور باپ اپنی بیٹی اور بیوی کی وجہ سے انگریزی صحیح کرنے کی جان توڑ محنت کرتا ہے۔

بیگم کو بھی اپنے خاندان سے محبت ہے لیکن اس کیلئے سب سے بڑا مقصد اپنی بیٹی کا انگلش میڈیم اسکول میں ایڈمیشن ہے جس کیلئے وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔سب سے زیادہ ٹینشن اس ”ماں“ کو ہی ہوتی ہے کیونکہ اس کے لئے بیٹی کے اچھا مستقبل ،ایک اچھے انگلش میڈیم اسکول سے ہی مشروط ہے۔

بیٹی اور شوہر کو ہر وقت انگلش کے دباوٴ میں بھی یہ میڈم ہی رکھتی ہیں۔بہت سارے اسکولز سے’ریجیکٹ‘ ہونے کے بعد یہ خاندان وقتی طور پر غریب بن جاتا ہے کیونکہ اب انھیں داخلہ” غریب کوٹہ “ میں لینا ہوتا ہے۔

تعلیم اور انگلش میڈیم کے کمپلیکس پر بالی وڈ میں ’تارے زمین پر‘،’تھری ایڈیٹس‘ اور’ انگلش ونگلش‘ جیسی کلاسک اور بڑی فلمیں بن چکی ہیں۔ایسی ہی ایک کلاسک فلم بنگالی زبان میں بھی بنی جس کا نام”رام دھنو“ تھا ۔یہ فلم تین سال پہلے ریلیز ہوئی۔

ہندی میڈیم بنگالی فلم کا آفیشل ریمک نہیں لیکن دونوں فلموں کے ٹریلر ، کہانی اور کردار ایک جیسے ہیں۔انٹر ویل تک کی کہانی تو دونوں فلموں کی ایک ہے لیکن اس کے بعد دونوں کے راستے الگ الگ ہیں۔

فلم میں کہانی سے زیادہ ٹریٹمنٹ اہم ہوتا ہے۔اگر ہندی میڈیم میں بھی ہنستے ہنستے اچانک آنکھیں نم ہوجائیں اوراگر یہ آنکھیں میری آپ کی ، ماں ، دادا، دادی، نانا، نانی ، بھیا ،آپا اور اسکول چلانے والوں کی ہوں تو اس فلم کو ایک بڑی ہٹ ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

صبا قمر’ لاہور سے آگے‘ اور’ منٹو‘ سمیت پاکستانی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔’منٹو‘ میں تو اداکار ہی اداکار تھے لیکن ’لاہور سے آگے‘ میں صبا قمر کا لیڈ رول تھا۔سسپنس تھرلر ”8969“ دیکھنے کوئی بھی نہیں گیا۔اب ’ہندی میڈیم‘ سے سب کو بہت سی توقعات ہیں کیونکہ صبا ،ماہرہ خان اور سجل علی کے مقابلے میں زیادہ ورسٹائل ایکٹریس ہیں۔

ورسٹائل تو پری اور آیوشمان بھی ہیں جن کی ”میری پیاری بندو“صبا قمراور عرفان کی ”ہندی میڈیم“ کا مقابلہ کرے گی ۔’میری پیاری بندو‘ بھی ”سلائس آف لائف“ فلم ہے۔ آیوشمان بالی ووڈ کے واحد اداکار ہیں جنھوں نے فلم کیریئر کے آغاز میں ہی بہترین نئے اداکار اور بہترین گلوکار کا فلم فیئر ایوارڈ جیتا تھا۔آیوشمان کی ”وکی ڈونر“ ذرا ہَٹ کہ نہیں بلکہ بہت ہی مختلف فلم تھی۔آیوشمان کی’ بیوقوفیاں‘، ’سالا نوٹنکی‘ اور’ ہوائی زادہ‘ تو ناکام ہوئیں لیکن ”دم لگا کہ ہی شا“سپر ہٹ ہوئی۔ابھی تک پانچ فلمیں کرنے والے آیوشمان کی فلم ہٹ ہو یا فلاپ لیکن وہ دوسری فلموں سے مختلف ہوتی ہیں۔

آیوشمان کے ساتھ ہیں پری نیتی چوپڑا جو مسلسل ہٹ فلمیں دینے کے بعد پھر فلاپ فلموں میں پھنس گئیں۔’لیڈیز ورسز رکی بہل‘،’عشق زادے‘،’شدھ دیسی رومانس‘ اور ’ہنسی تو پھنسی‘ چاروں فلمیں باکس آفس پر کامیاب ہوئیں لیکن اس کے بعد’دعوت عشق‘ اور’ کل دل‘ سے پری نیتی نے دو بڑی فلاپ فلمیں دیں۔

’میری پیاری بندو‘ پری نیتی کی تین سال میں پہلی فلم ہے اور اس کے بعد پری نیتی سپر ہٹ سیریز ”گول مال اگین“ میں نظر آئیں گی۔پری نیتی آیوشمان کے کیریئر شروع ہونے سے دو سال پہلے بہترین نئی اداکارہ کا ’فلم فیئر‘ اور فلم ’عشق زادے‘ کیلئے نیشنل ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں۔

’میری پیاری بندو‘ کا میوزک سپر ہٹ ہوچکا ہے اور اس میں پرانے ہٹ گانوں کا بھی بہت سارا تڑکہ لگا ہے۔سوشل میڈیا پر ٹریلر اور ٹیزر میں بھی ’میری پیاری بندو‘ کا ”ہندی میڈیم“ کے مقابلے میں پلڑا بھاری ہے۔’میری پیاری بندو‘ کی ایک خاص بات یہ فلم یش راج فلمز کی ہے ۔اب دونوں فلموں میں جیت کس کی ہوگی اس کیلئے بارہ مئی کا انتظار کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :